• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

تیسرا ٹیسٹ: پاکستان کو 351 رنز کا ہدف، بغیر کسی نقصان کے 73 رنز

شائع March 24, 2022
امام الحق 42 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
امام الحق 42 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر کے بولڈ ہونے کا منظر — فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر کے بولڈ ہونے کا منظر — فوٹو: اے ایف پی
عثمان خواجہ کا سنچری بنانے کے بعد فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
عثمان خواجہ کا سنچری بنانے کے بعد فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے 73 رنز بنا لیے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 11 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر وکٹ پر موجود تھے۔

مزید پڑھیں: وقار یونس پی سی بی ہال آف فیم میں شامل

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کر دیا۔

اس دوران میچ میں اس وقت ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوگئی جب بار بار کریز سے باہر نکل کر کھیلنے پر امپائر علیم ڈار اور احسن رضا نے وارنر کو خبردار کیا کہ وہ وکٹ کے اس حصے تک پہنچ کر نقصان پہنچا رہے ہیں جس سے بعد میں اسپنرز کو میچ میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر ڈیوڈ وارنر نے اپنا ہیلمٹ ہٹا دیا اور امپائر سے بحث کرنے لگے جبکہ بابر اعظم بھی امپائرز کے قریب آگئے اور نشاندہی کی کہ وارنر وکٹ کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

چند منٹ بعد کھیل دوبارہ شروع ہو گیا اور وارنر کو کسی قسم کی وارننگ دینے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

جارح مزاج اوپنر نے اپنی ففٹی مکمل کی لیکن 51 کے انفرادی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

دوسرے اینڈ پر موجود عثمان خواجہ نے شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیریز میں ایک اور نصف سنچری مکمل کی۔

لبوشین اور خواجہ نے دوسری وکٹ کے لیے 65 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد لبوشین کی 36 رنز کی اننگز تمام ہوئی۔

عثمان خواجہ نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی جبکہ اسٹیو اسمتھ نے 17 رنز بنائے۔

آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 227 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی، عثمان خواجہ 104 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ٹیسٹ: پاکستان کی ٹیم 268 رنز پر آؤٹ، آسٹریلیا کو 134 رنز کی برتری

قومی ٹیم نے جیت کے لیے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو دن کے اختتام تک 27 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔

پاکستان کے دونوں اوپنر عبداللہ شفیق اور امام الحق نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کی اور کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

قذافی اسٹیڈیم میں چوتھے روز کے کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان کا اسکور بغیر کسی نقصان کے 73 رنز تھا۔

امام الحق 42 اور عبداللہ شفیق 27 رنز بنا کر کھیل رہےہیں۔

قبل ازیں آسٹریلیا کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 391 رنز بنائے تھے اور اس کے جواب میں قومی ٹیم 268 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے ابتدائی دونوں میچ ڈرا ہوئے تھے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی۔

آسٹریلیا: پیٹ کمنز (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوسخانے، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور مچل سویپسن۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024