بڑے اسٹورز نے ناقص نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن پورٹل مسترد کردیا
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) انٹیگریشن سسٹم سے منسلک ریٹیلرز نیو سیلز ٹیکس ریٹرن پورٹل کے نظام میں خرابی کے سبب گزشتہ دو ماہ سے ٹیکس کے درست گوشوارے جمع کروانے میں ناکام ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چین اسٹور ایسوسی ایشن پاکستان (کیپ) کے چیئرمین طارق محبوب نے 22 مارچ کو وزیر خزانہ شوکت ترین کو آگاہ کیا تھا کہ پورٹل میں خرابی، مشکل اور غلط عمل کی وجہ سے درجہ اول کے ریٹیلرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: وفاق، صوبے ٹیکس دہندگان کیلئے سنگل پورٹل پر متفق
کیپ منظم ریٹیل سیکٹر کی باضابطہ تجارتی تنظیم ہے جس نے ماضی قریب میں متعدد خامیوں کی نشاندہی کی تھی اور ایف بی آر کو اجلاسوں کو خطوط کے ذریعے متعدد مرتبہ آگاہ بھی کیا تھا۔
رواں ہفتے چیئرمین ایف بی آر نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا جس میں انہیں ایک بار پھر مذکورہ مسائل سے آگاہ کیا گیا تھا۔
تاہم ایف بی آر میں آئی ٹی شعبے سے متعلق صلاحیت کی حدود کی وجہ سے مسائل ابھی تک حل نہیں ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس وصولی میں اضافہ، ہراسانی ختم کرنے کیلئے ٹیکنالوجی استعمال کریں گے، شوکت ترین
ایف بی آر کے ناقص نظام کے سبب انٹیگریٹڈ ریٹیلرز کو این ایس ٹی آر پورٹل کی جانب سے حقیقی کریڈٹ انوائسز منظور نہ کرنے کی وجہ سے مسلسل دو ماہ تک اضافی سیلز ٹیکس ادا کرنا پڑا تھا۔