• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان میں دو سال میں پہلی مرتبہ کورونا سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی

شائع March 23, 2022
پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزار 333 ہوگئی ہے —فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزار 333 ہوگئی ہے —فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے کمی آ رہی ہے اور دو سال بعد کورونا وائرس سے ایک دن میں کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے کسی شخص کا انتقال نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عائد پابندیاں ختم

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا کے 34 ہزار 476 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 443کیسز مثبت رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کیسز کی شرح 1.3 فیصد رہی جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 0.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 307 کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 70، خیبرپختونخوا میں 41، اسلام آباد میں 18، آزاد جموں و کشمیر میں 5، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں ایک،ایک کیسز رپورٹ ہوا۔

این سی او سی نے بتایا کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 7 ہزار 700 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے اور صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 14 لاکھ 84 ہزار 496 ہوچکی ہے۔

ملک بھر میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 33 ہے، جن میں سے 455 کی حالت تشویش ناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا این سی او سی کو بند کرنے پر غور

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزار 333 ہو چکی ہے جبکہ اب تک 15 لاکھ 22 ہزار 862 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ 2020 کو خیبر پختونخوا میں ہوئی تھی جہاں مردان میڈیکل کمپلیکس میں 50سالہ شخص کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا تھا۔

قبل ازیں ملک میں کورونا وائرس کی کیسز کی تعداد میں کمی کو دیکھتے ہوئے گزشتہ ہفتے این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک بھر میں کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کورونا کیسز اور اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی شرح میں کمی آگئی ہے جب کہ ویکسینیشن کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں علم نہیں کہ یہ وبا ختم ہوگی یا نہیں لیکن فی الحال ایسا لگتا ہے کہ یہ چلتی رہے گی اور معمول کا حصہ بن جائے گی اس لیے ہم نے آج کورونا وائرس کے سبب لگائی گئی تمام پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے 10 کروڑ افراد کی مکمل ویکسینیشن کا سنگِ میل عبور کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ انڈور شادی کی تقریبات، اسپورٹس، جیمز سمیت تمام تر پابندیوں کو ختم کیا گیا ہے لیکن ویکسین سے متعلق پابندیاں اب بھی برقرارہیں، یعنی ہوائی سفر کرنے والوں کے لیے ویکسین کی لازمی شرط برقرار رہے گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ کورونا کیسز میں واضح کمی آچکی ہے اور آئندہ چند روز تک کیسز میں کسی واضح اضافے کا امکان نظر نہیں آرہا لیکن عوام کو ویکسینیشن مہم میں لگاتار تعاون جاری رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ ہفتے چند ممالک میں کورونا کی چھوٹی بڑی لہریں سر اٹھاتی نظر آئیں، اس لیے پاکستان میں جن لوگوں نے ابھی تک ویکسین کی ایک ڈوز بھی نہیں لگوائی ہے ان سے گزارش ہے کہ جلد از جلد ویکسینیشن کروالیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024