• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ایشلے بارٹی 25 سال کی عمر میں ریٹائر

شائع March 23, 2022
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایشلے بارٹی نے آسٹریلین اوپن چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا — فائل فوٹو: رائٹرز
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایشلے بارٹی نے آسٹریلین اوپن چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا — فائل فوٹو: رائٹرز

خواتین کے مقابلوں میں عالمی نمبر ایک ایشلے بارٹی نے محض 25 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے دنیائے ٹینس کو حیران کردیا۔

ایشلے بارٹی نے یہ اعلان ایک ایسے موقع پر کیا جب انہوں نے چند ہفتوں قبل ہی آسٹریلین اوپن چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور 44 سال بعد یہ ٹائٹل جیتنے والی پہلی آسٹریلین بن گئیں۔

انہیں اس کے علاوہ 2019 میں فرنچ اوپن اور 2021 میں ومبلڈن اوپن جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی اپنی ویڈیو میں کہا کہ یہ ایک مشکل اور میرے لیے انتہائی جذباتی وقت ہے کیونکہ میں ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہی ہوں۔

مزید پڑھیں: آسٹریلین اوپن 2020ء: کون کتنے پانی میں؟ مکمل جائزہ

اپنی قریبی ساتھی اور سابق ڈبلز کی پارٹنر کیسی ڈیلا کوا کے ہمراہ ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس کھیل نے مجھے جو کچھ بھی دیا میں اس کے لیے شکر گزار ہوں، اس نے مجھے میرے خوابوں سے بڑھ کر لوٹایا ہے، میں بہت خوش ہوں اور محسوس کرتی ہوں کہ یہ درست وقت ہے کہ میں اس کھیل سے کنارہ کش ہو کر اپنے دوسرے خواب پورے کروں۔

ایشلے بارٹی دو سال سے زائد عرصے سے عالمی نمبر ایک ہیں اور تین گرینڈ سلیم کے ساتھ ساتھ دیگر ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز بھی رکھتی ہیں۔

وہ 2019 میں فرنچ اوپن جیتنے کے بعد سے عالمی نمبر ایک تھیں اور اس منصب پر فائز ہوئے 114 ہفتے گزر چکے ہیں۔

ان سے قبل ان سے زیادہ عرصے تک لگاتار عالمی نمبر ایک رہنے کا اعزاز صرف تین کھلاڑیوں کو حاصل ہے جہاں اسٹیفی گراف اور سرینا ولیمز 186 ہفتے اور مارٹن نیورالی ٹووا 156 ہفتوں تک اس منصب پر فائز رہے تھے۔

ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن نے اپنی ٹوئٹ میں ایشلے بارٹی کے نام پیغام میں کہا کہ اس کھیل اور دنیا بھر کی خواتین کے لیے بہترین سفیر بننے پر آپ کے شکر گزار ہیں۔

گزشتہ سال ایشلے بارٹی نے اپنے کئی سال پرانے بوائے فرینڈ سے منگنی کی تھی جو ان کے تمام میچز کے موقع پر ٹینس کورٹ میں رہ کر ان کو مکمل سپورٹ کرتے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024