• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج، پی ٹی آئی کے 2 ایم پی ایز کی ضمانت منظور

شائع March 22, 2022 اپ ڈیٹ March 23, 2022
کلفٹن پولیس نے ایم این اے رمیش کمار کی شکایت پر پی ٹی آئی کے دو اراکین اسمبلی سمیت متعدد کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا—فائل فوٹو:ڈان نیوز
کلفٹن پولیس نے ایم این اے رمیش کمار کی شکایت پر پی ٹی آئی کے دو اراکین اسمبلی سمیت متعدد کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا—فائل فوٹو:ڈان نیوز

کراچی کی سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے دو اراکین صوبائی اسمبلی کی اپنی پارٹی کے منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے مقدمے میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔

پولیس نے پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی سعید آفریدی اور شاہ نواز جدون کے ساتھ ساتھ تین کارکنان نعمان اعظم، محمد فیاض اور ناصر خان کے خلاف 21 مارچ کو اپنی پارٹی کے منحرف اقلیتی قانون ساز ڈاکٹر رمیش کمار کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کے دوران انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج کیا تھا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (جنوبی) کراچی نے 28 مارچ تک 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض دونوں ایم پی ایز کی عبوری ضمانت منظور کی۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: پی ٹی آئی کارکنان دروازہ توڑ کر سندھ ہاؤس میں داخل

قانون سازوں کو تفتیش کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیشن جج نے ان کی عبوری ضمانت کی توثیق کا معاملہ اگلی تاریخ پر مقرر کردیا۔

اس دوران جوڈیشل مجسٹریٹ (جنوبی) نے پی ٹی آئی کے تین زیر حراست کارکنوں کا تفتیش کے لیے عدالتی ریمانڈ دے دیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے مبینہ طور پر ایم این اے رمیش کمار کے خلاف نعرے لگائے، ان کو دھمکیاں دیں اور ان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔

تفتیشی افسر نے جوڈیشنل مجسٹریٹ سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ پوچھ گچھ اور تفتیش کے لیے ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈی چوک جلسہ': صورتحال خراب ہوئی تو ذمے داری شیخ رشید، انتظامیہ پر عائد ہوگی'

دوسری جانب حراست میں لیے گئے پی ٹی آئی کارکنوں کے وکلا نے اپنے مؤکلوں کو پولیس کی تحویل میں دینے کی تفتیشی افسر کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ جرم میں ان کے ملوث ہونے کے ثبوت ناکافی ہیں۔

پولیس کی تحویل میں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی تفتیشی افسر کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے، جوڈیشنل مجسٹریٹ نے ملزمان کو عدالتی تحویل میں دے دیا اور تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ وہ تفتیشی رپورٹ آئندہ تاریخ پر پیش کریں۔

کلفٹن پولیس نے ایم این اے رمیش کمار کی شکایت پر پی ٹی آئی کے دو اراکین اسمبلی سمیت متعدد کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

بوٹ بیسن پولیس اسٹیشن میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی شاہنواز جدون اور سعید اللہ آفریدی کے نام بھی شامل کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ ہاؤس پر صوبائی پولیس کی موجودگی پر انتظامیہ کو تشویش

بعد ازاں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے گرفتاریوں کے خلاف کلفٹن تھانے کے باہر احتجاج بھی کیا گیا تھا۔

خیال رہے اس سے قبل 19 مارچ کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے سندھ ہاؤس میں داخل ہوگئے تھے۔

پی ٹی آئی کے کارکنان نے پارٹی کے منحرف اراکین قومی اسمبلی سے فوری طور پر اپنی نشستوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے اراکین اپنی سیٹوں سے استعفیٰ دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حکمران جماعت پی ٹی آئی کے 4 منحرف ارکان جو سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود تھے اور میڈیا کے سامنے آگئے تھے جہاں راجا ریاض نے کہا تھا کہ ہمارے ساتھ 24 ارکان ہیں جو اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024