• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ذیابیطس کے مریضوں کے لیے ناشتے میں بہترین غذا کیا ہے؟

شائع March 22, 2022

اگر آپ ذیابیطس کے مریض ہیں تو ناشتے میں ایک مخصوص غذا کا استعمال مختلف پیچیدگیوں کا خطرہ کم کرنے اور زیادہ عرصے تک زندگی کے حصول میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہربن میڈیکل یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ناشتے میں زیادہ کاربوہائیڈریٹس جبکہ رات کو سبز پتوں والی سبزیوں کا استعمال ذیابیطس کے مریضوں کی صحت کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ کاربوہائيڈريٹ آپ کی غذا ميں شامل غذائی مادے کا نام ہے جو خون ميں شکر کی سطح کو متاثر کرتا ہے۔

کاربوہائيڈريٹ کے بہت سے مختلف ذرائع ہيں:

نشاستے دار غذائيں جيسے کہ چاول، چپاتی، پاستا، آلو، نان، نوڈلز، رتالو اور ناشتے واال سيريل

پھل

شکر والی غذا اور مشروبات

دودھ اور دہی

نشاستے دار سبزياں جيسے پھلياں اور دال

اس تحقیق میں ذیابیطس کے 4642 مریضوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا جس میں ان کی مانیٹرنگ 11 سال تک کی گئی تھی۔

تحقیق میں ان افراد کی غذائی عادات کا موازنہ کیا گیا جبکہ وقت کے ساتھ خون کی شریانوں کے امراض اور کسی بھی وجہ سے موت کی شرح کو بھی جانچا گیا۔

محققین نے دریافت کیا کہ جو لوگ کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور سبزیاں جیسے آلو کو دن کے آغاز میں کھانے کے عادی ہوتے ہیں ان میں امراض قلب سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اسی طرح دوپہر میں سالم اناج اور رات کو سبز پتوں والی سبزیاں کھانے والے ذیابیطس کے مریضوں کو بھی یہی فائدہ ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں رات کو زیادہ مقدار میں پراسیس گوشت کھانا امراض قلب سے موت کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ غذائی اشیا کے استعمال کا وقت ذیابیطس کے مریضوں کو انسولین کی حساسیت کے قدرتی حیاتیاتی ردھم سے مطابقت پیدا کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ذیابیطس کے لیے غذائی رہنمائی اور مرض کی شدت بڑھنے سے روکنے میں مددگار حکمت عملیوں میں غذاؤں کے استعمال کے مثالی وقت کے اضافے کو بھی ہدف بنایا جانا چاہیے۔

تحقیق کے نتائج سابقہ تحقیقی رپورٹس کو سپورٹ کرتے ہیں جن کے مطابق ذیابیطس کے مریض کی صحت اس وقت زیادہ بہتر رہنے کا امکان ہوتا ہے جب وہ رات کے کھانے کی بجائے ناشتے میں زیادہ مقدار میں غذا کا استعمال کریں۔

اس نئی تحقیق کے نتائج طبی جریدے دی جرنل آف کلینکل اینڈوکرینولوجی اینڈ میٹابولزم میں شائع ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024