• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

میرب علی اور عاصم اظہر اپنی منگنی سے متعلق غلط خبروں پر نالاں

شائع March 21, 2022
دونوں نے اپنے رشتے سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں پر ناراضگی کا اظہار کیا—فوٹو: انستاگرام
دونوں نے اپنے رشتے سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں پر ناراضگی کا اظہار کیا—فوٹو: انستاگرام

گلوکار عاصم اظہر اور ماڈل میرب علی نے اپنی منگنی سے متعلق افواہوں پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی معلومات کو غلط قرار دیا ہے جب کہ لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دوسروں کی خوشیوں کو بھی برداشت کرنے کا جذبہ رکھیں۔

عاصم اظہر اور میرب علی نے گزشتہ روز انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ دونوں نے منگنی کرلی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے رشتے کے حوالے سے کئی افواہیں پھیلنے لگیں۔

سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانا شروع کی گئیں کہ دونوں نے جولائی 2021 میں منگنی کی تھی مگر اس کی تصدیق اب کی ہے۔

علاوہ ازیں یہ بھی خبریں پھیلائی گئیں کہ ماضی میں عاصم اظہر ماڈل میرب علی کو اپنی بہن قرار دے چکے ہیں اور اب ان ہی سے منگنی کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: افواہیں حقیقت میں تبدیل، عاصم اظہر اور میرب علی نے منگنی کرلی

تاہم درحقیقت ایسا نہیں تھا، جولائی 2021 میں دونوں کی منگنی کی افواہیں ضرور پھیلی تھیں مگر اس پر بعد ازاں عاصم اظہر نے وضاحت کی تھی کہ ایسا نہیں۔

دونوں کی منگنی کی افواہیں پھیلنے کے بعد گزشتہ برس عاصم اظہر کے نام سے ایک جعلی اسکرین شاٹ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں میرب علی کو گلوکار نے بہن قرار دیا تھا۔

دونوں نے ایک روز قبل منگنی کی تصدیق کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے ایک روز قبل منگنی کی تصدیق کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

اپنے نام کا جعلی اسکرین شاٹ وائرل ہونے کے بعد عاصم اظہر نے وضاحت کی تھی کہ مذکورہ اسکرین شاٹ ان کا نہیں اور نہ ہی میرب علی ان کی بہن ہیں۔

اسی حوالے سے میرب علی نے بھی بعد ازاں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کے اور عاصم اظہر کے اہل خانہ کے دیرینہ تعلقات ہیں اور وہ دونوں بچپن کے دوست ہیں مگر ان کا کوئی بھی خونی رشتہ نہیں، نہ تو وہ بہن و بھائی ہیں اور نہ ہی کزن ہیں۔

تاہم دونوں نے ایک دوسرے سے تعلقات کے حوالے سے کبھی کھل کر بات نہیں کی تھی اور پورا سال یہ چہ مگوئیاں ہوتی رہیں کہ ان کے درمیان تعلقات ہیں۔

میرب نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ان کی منگنی سے متعلق غلط معلومات پھیلانا بند کی جائے—اسکرین شاٹ
میرب نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ان کی منگنی سے متعلق غلط معلومات پھیلانا بند کی جائے—اسکرین شاٹ

ان کے تعلقات کی چہ مگوئیاں گزشتہ روز اس وقت سچ ثابت ہوئیں جب دونوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے منگنی کی تصدیق کی مگر بعد ازاں اپنی منگنی سے متعلق پھیلنے والی غلط معلومات پر دونوں نے برہمی کا اظہار کیا۔

میرب علی نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں واضح کیا کہ ان کی منگنی گزشتہ برس نہیں بلکہ ابھی ہوئی ہے اور ان کے رشتے سے متعلق غلط معلومات پھیلانا بند کی جائے گی، انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی تمام معلومات کو گمراہ کن قرار دیا۔

اسی طرح عاصم اظہر نے بھی پرانے سال کی اپنی وضاحتی ٹوئٹ کو دوبارہ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے پچھلے سال بھی واضح کیا تھا کہ انہوں نے میرب علی کو بہن نہیں بولا بلکہ ان کے نام سے جعلی اسکرین شاٹ وائرل کیا گیا تھا، جس کی انہوں نے وضاحت بھی کی تھی۔

اپنی دوسری ٹوئٹ میں عاصم اظہر نے لوگوں کو دوسروں کی خوشیاں برداشت کرنے کا جذبہ رکھنے کا درس بھی دیا اور کہا کہ جلد ہی وہ کچھ لوگوں کے پاس رشتہ طے ہونے کی مٹھائی بھی بھجوائیں گے۔

میرب علی سے منگنی سے قبل عاصم اظہر کے اداکارہ ہانیہ عامر سے تعلقات کی چہ مگوئیاں تھیں اور دونوں کو انتہائی قریب دیکھا جاتا تھا جب کہ دونوں ہی ایک دوسرے سے دوستی کا اظہار بھی کرتے دکھائی دیتے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024