پچیس ہزار میں کاروبار شروع کرنے والا ’ایچ ایس وائے‘ برانڈ کیسے بنا؟

شائع March 20, 2022
ایچ ایس وائے ملک کے چند بڑے فیشن ڈیزائنرز میں سے ایک ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
ایچ ایس وائے ملک کے چند بڑے فیشن ڈیزائنرز میں سے ایک ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

معروف فیشن ڈیزائنر اور اداکار ’حسن شہریار یاسین‘ المعروف ’ایچ ایس وائے‘ نے اداکاری کی دنیا میں اپنی انٹری کو نئی زندگی کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی ’صفر‘ سے زندگی شروع کرنے سے نہیں ڈرتے۔

اپنی پہلی فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کی کامیابی کے بعد حال ہی میں ایچ ایس وائے نے ڈان امیجز کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے فلم سمیت اپنے اداکاری کے کیریئر پر کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ کس طرح وہ ایک عام انسان سے معروف شخصیت بنے۔

ایچ ایس وائے کا کہنا تھا کہ انہوں نے شروع سے اب تک ہر چیز ’صفر‘ سے شروع کی اور ہر فیلڈ میں دل لگا کر کام کرکے شہرت حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کے لیے انہوں نے اپنی ڈریسنگ خود ہی تیار کی جب کہ انہوں نے فلم میں ’فائٹنگ‘ سین شوٹ کروانے کے لیے 6 ماہ تک تربیت بھی ھاصل کی۔

عشرت میڈ ان چائنا کے لیے اپنا لباس خود تیار کیا تھا، ایچ ایس وائے—اسکرین شاٹ
عشرت میڈ ان چائنا کے لیے اپنا لباس خود تیار کیا تھا، ایچ ایس وائے—اسکرین شاٹ

فیشن ڈیزائنر اور اداکار کا کہنا تھا کہ اس سے قبل انہوں نے ’پہلی سی محبت‘ ڈرامے کے لیے اپنا وزن 25 سے 30 کلو تک بڑھایا تھا جب کہ ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کے لیے انہوں نے نہ صرف اپنا وزن کم کیا بلکہ انہوں نے اپنی باڈی بھی بنائی اور ’فائٹ‘ کرنا بھی سیکھی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جلد ہی وہ ایک ویب سیریز میں بھی دکھائی دیں گے، تاہم انہوں نے اس متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیزائنر ایچ ایس وائے اداکاری کے لیے تیار

ایچ ایس وائے نے کہا کہ جب انہیں اداکاری کی پیش کش کی گئی تو انہوں نے انکار کرنے کے بجائے حامی بھری، کیوں کہ وہ کبھی بھی نئے کام سے خوفزدہ نہیں ہوئے۔

ان کے مطابق انہیں بخوبی علم تھا کہ وہ اداکاری کریں گے تو وہ ہر چیز ’صفر‘ سے شروع کریں گے، یعنی وہ اداکاری سے متعلق ہر چیز سیکھیں گے اور انہیں کسی بھی چیز کو سیکھنے اور اسے کرنے میں کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔

انہوں نے دلیل دی کہ انہوں نے ہر چیز ’صفر‘ سے شروع کی ہے، چاہے وہ اداکاری ہو یا پھر ان کے فیشن ڈیزائننگ یا پھر شوز کی میزبانی کرنا۔

عشرت میڈ ان چائنا کے لیے وزن کم کیا، فائٹنگ کے لیے تربیت لی، ایچ ایس وائے—فوٹو: انسٹاگرام
عشرت میڈ ان چائنا کے لیے وزن کم کیا، فائٹنگ کے لیے تربیت لی، ایچ ایس وائے—فوٹو: انسٹاگرام

ایچ ایس وائے کا کہنا تھا کہ وہ ’سنگل پیرنٹ‘ کے بچے ہیں، اس لیے انہوں نے بچپن سے ہی محنت کی اور انہوں نے جہاں برگر فروخت کیے، وہیں انہوں نے لائبریری میں بھی ملازمت کی۔

ان کے مطابق وہ 14 سال کی عمر میں ہی اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے محنت و مزدوری کرنے لگے تھے اور کچھ ہی سال بعد انہوں نے اپنے بچائے ہوئے محض 25 ہزار روپے سے اپنا کاروبار شروع کیا۔

مزید پڑھیں: ڈیزائنر ایچ ایس وائے کے ڈیبیو کردار کی جھلک سامنے آگئی

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے محض 25 ہزار روپے سے اپنے برانڈ ’ایچ ایس وائے‘ کی بنیاد رکھی جو آج ملک کے معروف برانڈز میں سے ایک ہے۔

خیال رہے کہ ’ایچ ایس وائے‘ کا شمار اس وقت پاکستان کے بڑے اور معروف کلاتھنگ برانڈز میں ہوتا ہے، جو نہ صرف مرد حضرات بلکہ خواتین کے لیے بھی دیدہ زیب لباس متعارف کراتا ہے۔

’ایچ ایس وائے‘ کو بیرون ملک میں بھی شہرت حاصل ہے اور اسی برانڈ نے ماضی میں معروف سیاسی، سماجی، اسپورٹس اور شوبز شخصیات کے لیے خصوصی لباس بھی تیار کیے ہیں۔

پاکستان کی تقریبا تمام بڑی سپر ماڈلز اور اداکارائیں ’ایچ ایس وائے‘ برانڈ کی تشہیری مہم کا حصہ رہ چکی ہیں اور حسن شہریار یاسین اداکاری سے قبل کافی وقت تک ٹی وی پر ٹاک شو بھی کرتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024