• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

19 برس کی عمر میں طلاق ہوگئی تھی، زویا ناصر

شائع March 20, 2022
شادی کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، اداکارہ—اسکرین شاٹ
شادی کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، اداکارہ—اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ زویا ناصر نے کہا ہے کہ ان کی پہلی شادی انتہائی کم عمری میں کردی گئی تھی جو مختلف وجوہات کی بنا پر طلاق پر ختم ہوئی۔

زویا ناصر نے ’فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں پہلی بار اپنی زندگی کے سب سے بڑے راز سے پردہ اٹھایا اور اعتراف کیا کہ شادی کے کچھ ہی عرصے بعد ان کی طلاق ہوگئی تھی۔

دوران انٹرویو میں انہوں نے شوبز کیریئر پر بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ شروع میں ہی اداکاروں کو مرکزی کردار ادا نہیں کرنے چاہیے۔

زویا ناصر کے مطابق ماضی میں ایک ڈرامے میں کام کرنے کے دوران انہیں ان کی رنگت انجکشن کے ذریعے گوری کرنے کی پیش کش بھی کی گئی اور انہیں کہا گیا کہ گوری رنگت کردار کے لیے لازمی ہے مگر انہوں نے انکار کیا۔

ماڈل و اداکارہ نے شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری اور من پسند افراد کو نوازے جانے پر بھی بات کی اور کہا کہ انڈسٹری میں اپنوں کو نوازنے کا رواج عام ہے۔

یہ بھی پڑھیں:تبصرے میں نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر زویا ناصر تنقید نگار ’اماں‘ پر برہم

دوران انٹرویو زویا ناصر نے کہا کہ یوٹیوبر بننا سب سے مشکل کام ہے، وہ کچھ دوستوں کے مشورے پر یوٹیوبر بنی تھیں مگر انہیں اندازہ ہوگیا کہ وہ کام ان سے نہیں ہو پائے گا۔

انٹرویو کے دوران زویا ناصر نے پہلی بار کھل کر اپنی ذاتی زندگی پر بھی بات کی اور اعتراف کیا کہ ان کی شادی کم عمری میں ہوگئی تھی جو طلاق پر ختم ہوئی۔

زویا ناصر کے مطابق انہوں نے مذہب اسلام اور والدین کے مطابق اپنی شادی کو بچانے کی بھرپور کوشش کی مگر جب چیزیں ہاتھ سے نکل گئیں تو انہیں طلاق لینی پڑی۔

زویا ناصر نے مئی 2021 میں جرمن دوست سے منگنی بھی ختم کردی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
زویا ناصر نے مئی 2021 میں جرمن دوست سے منگنی بھی ختم کردی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

ان کے مطابق 19 برس میں ان کی طلاق ہوگئی تھی اور شادی کے بعد وہ اسی بات سے ڈرتی تھیں کہ ان کی طلاق نہ ہوجائے مگر وہی ہوا جس کا انہیں ڈر تھا۔

زویا ناصر نے طلاق کے حوالے سے مزید کہا کہ کم عمری میں شادی کرنے کی وجہ سے شروع میں انہیں لگتا تھا کہ شاید انہی کی غلطی ہوگی مگر ایسا نہیں تھا۔

ان کے مطابق طلاق کی تکلیف اپنی جگہ مگر طلاق کے بعد لوگوں کے طعنوں نے ان کی زندگی مزید مشکل بنائی۔

زویا ناصر کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کی کم عمری میں شادی نہ کروائی جائے تو اچھا ہے لیکن اگر کسی لڑکی کی شادی ہوجائے اور ان کی ازدواجی زندگی مشکل ہو تو پہلے وہ اپنی شادی کو کامیاب بنانے کےلیے آخری حد تک جائے، اس کے بعد اگر معاملات حل نہ ہوں تو طلاق لے لے۔

ان کے مطابق طلاق کے بعد ان کے والدین اور اہل خانہ نے ان کی بھرپور حمایت کی اور طلاق ہوجانے کے بعد وہ 7 سے 8 سال بیرون ملک چلی گئیں۔

زویا ناصر نے تعلقات اور محبت کے حوالے سے بھی باتیں کیں، تاہم انہوں نے اپنے سابق بوائےفرینڈ جرمن یوٹیوبر کرسٹین بیٹزمین المعروف کرس بیٹزمین سے منگنی ختم کرنے کے معاملے پر کھل کر بات نہیں کی۔

زویا ناصر اور کرس بیٹزمین نے مئی 2021 کو منگنی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، دونوں نے ویلنٹائنزڈے کے موقع پر منگنی کی تھی۔

منگنی ختم کرنے سے قبل دونوں کافی عرصے تک ایک ساتھ زندگی گزار رہے تھے اور دونوں کے درمیان اچھے تعلقات تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024