• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

تبصرے میں نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر زویا ناصر تنقید نگار ’اماں‘ پر برہم

شائع March 19, 2022
زویا ناصر نے اماں جی کو آڑے ہاتھوں لیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
زویا ناصر نے اماں جی کو آڑے ہاتھوں لیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ زویا ناصر نے ڈراما تنقید نگار لبنیٰ فریال المعروف ’اماں جی‘ کی جانب سے تبصرے میں نامناسب الفاظ استعمال کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شائستہ زبان استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

لبنیٰ فریال المعروف ’اماں جی‘ نے حال ہی میں زویا ناصر کے نشر ہونے والے ڈرامے ’بد ذات‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔

لبنیٰ فریال نے تبصرہ کرتے ہوئے ڈرامے میں صبا فیصل کے کردار کے لیے ’طوائف جب کہ زویا ناصر کے کردار پر تجزیہ کرتے ہوئے انہوں نے ’ہیرا منڈی‘ کا لفظ بھی استعمال کیا تھا۔

ڈرامے میں صبا فیصل رقاصہ ہوتی ہیں اور ان کی بیٹی زویا ناصر ماڈل بننا چاہتی ہیں، جس پر لبنیٰ فریال نے طوائف اور ہیرا منڈی کے الفاظ استعمال کیے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں رد عمل کا اظہار کیا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں رد عمل کا اظہار کیا—اسکرین شاٹ

ان کی جانب سے کرداروں کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر زویا ناصر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی متعدد انسٹاگرام اسٹوریز میں لبنیٰ فریال پر تنقید کی اور امید ظاہر کی کہ اگلی بار ’اماں جی‘ تبصرہ کرتے وقت اچھے الفاظ استعمال کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: امیر باپ اور رقاصہ ماں کے ہاں پیدا ہونے والے بیٹے کی کہانی ’بد ذات‘

زویا ناصر نے لبنیٰ فریال کے لیے لکھا کہ انہوں نے تبصرہ کرتے وقت نامناسب الفاظ کا انتخاب کیا اور کرداروں کی تضحیک کی۔

اداکارہ نے متعدد اسٹوریز شیئر کیں—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے متعدد اسٹوریز شیئر کیں—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے تنقید نگار کے لیے لکھا کہ وہ ان کی بہت عزت کرتی ہیں مگر لبنیٰ فریال کے تبصرے نے ان کا دل توڑ دیا۔

انہوں نے لبنیٰ فریال کو بتایا کہ اداکار محنت کرکے کرداروں میں جان ڈال کر لوگوں کو محظوظ کرتے ہیں مگر آپ جیسے لوگ ان کرداروں کے لیے ہی ناموزوں زبان استعمال کرتے ہیں۔

تجزیہ نگار کی باتوں پر ساتھی میزبان ہنستے دکھائی دیے—اسکرین شاٹ
تجزیہ نگار کی باتوں پر ساتھی میزبان ہنستے دکھائی دیے—اسکرین شاٹ

زویا ناصر نے اپنی اسٹوریز میں یہ بھی لکھا کہ لبنیٰ فریال نے اداکارہ کے والدین کا دل بھی توڑ دیا، کیوں کہ انہوں نے اداکاروں اور کرداروں کے لیے نامناسب زبان استعمال کی۔

اداکارہ نے ’اماں جی‘ کو یاد دلایا کہ جس طرح سیاستدان کا بیٹا سیاستدان، ڈاکٹر کا بیٹا ڈاکٹر اور وکیل کا بیٹا وکیل بنتا ہے، اسی طرح اداکار کا بیٹا اداکار ہی بنتا ہے اور یہ کہ انہوں نے بہت ہی اچھے تعلیم یافتہ والدین کے جاہل بچے بھی دیکھے ہیں جب کہ غیر تعلیم یافتہ والدین کے پڑھے لکھے بچےبھی دیکھیں ہیں۔

اداکارہ نے لبنی فریال کی جانب سے نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر افسوس کا اظہار کیا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے لبنی فریال کی جانب سے نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر افسوس کا اظہار کیا—اسکرین شاٹ

زویا ناصر نے لبنیٰ فریال کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں امید ہے کہ وہ ان کی باتوں کو مثبت لیں گی اور ان سے ذاتی اختلاف کرنے کے بجائے انہیں سمجھنے کی کوشش کریں گی۔

ساتھ ہی انہوں نے ’بد ذات‘ ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے بھی وضاحت کی کہ ان کا کردار بہت اچھا ہے جو اپنی مرضی سے ماڈلنگ کا کیریئر انتخاب کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ ’بد ذات‘ میں صبا فیصل نے ایک رقاصہ کا کردار ادا کیا ہے جو کسی امیر شخص سے شادی کرتی ہیں مگر جوانی میں ہی ان سے طلاق لے کر الگ ہوجاتی ہیں اور ان کا بیٹا عمران اشرف امیر والد کے پاس ہی رہ جاتا ہے۔

اداکارہ نے امید کا اظہار کیا کہ لبنیٰ فریال کو ان کی باتیں بری نہیں لگیں گی—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے امید کا اظہار کیا کہ لبنیٰ فریال کو ان کی باتیں بری نہیں لگیں گی—اسکرین شاٹ

ڈرامے میں صبا فیصل کو آگے چل کر دوسری بیٹی زویا ناصر بھی ہوجاتی ہیں جو کہ بڑی بن کر ماڈلنگ کرنا چاہتی ہیں۔

’بد ذات‘ کی کہانی مصباح نوشین نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات سراج الحق نے دی ہیں جب کہ اسے عبداللہ کدوانی اور اسد قریشی نے پروڈیوس کیا ہے۔

ڈرامے میں جہاں عروہ حسین اور عمران اشرف کو جوڑی کی صورت میں دکھایا گیا ہے، وہیں ان کے درمیان اختلافات کو بھی دکھایا گیا ہے۔

’بد ذات ‘ کی کاسٹ میں عمران اشرف، عروہ حسین، صبا فیصل، محمد اسلم، علی عباس، ندا ممتاز، زینب قیوم، سدرہ نیازی، زویا ناصر اور ساجدہ سید سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024