• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’پی ڈی ایم کا لانگ مارچ 27 تاریخ کو اسلام آباد پہنچے گا‘

شائع March 19, 2022
رپورٹ کے مطابق مریم نواز اور حمزہ شہباز قافلے کی قیادت کریں گے—فوٹو: مرتضیٰ علی/وائٹ اسٹر
رپورٹ کے مطابق مریم نواز اور حمزہ شہباز قافلے کی قیادت کریں گے—فوٹو: مرتضیٰ علی/وائٹ اسٹر

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 25 مارچ کو اسلام آباد آنے کا منصوبہ تبدیل کرتے ہوئے حکمران جماعت پی ٹی آئی کے 27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر جلسے کے روز ہی دارالحکومت میں ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سیکرٹری جنرل سردار اویس لغاری نے کہا کہ لانگ مارچ 27 مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہو گا اور وہاں 2 یا زیادہ دن پڑاؤ ہوسکتا ہے، یہ فیصلہ پارٹی قیادت نواز شریف اور شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے پی ڈی ایم نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی وجہ سے اسلام آباد میں اپنے مارچ کی آمد کی تاریخ 23 مارچ سے تبدیل کرکے 25 مارچ کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کا لانگ مارچ کا اعلان، عدم اعتماد پر ووٹنگ تک اسلام آباد میں رہنے کا اشارہ

پی ٹی آئی کی زیرقیادت حکومت کی ایک اہم اتحادی جماعت پی ایم ایل (ق) نے حکمراں جماعت اور اپوزیشن دونوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ریلیاں منسوخ کر دیں کیونکہ وہ پرتشدد تصادم کا سبب بن سکتی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک رہنما نے بتایا کہ مارچ کرنے والوں کے دارالحکومت میں داخل ہونے کی تاریخ کو 2 دن آگے بڑھانے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بعض حلقوں کو (اسٹریٹ پاور کے اظہار کے ذریعے) بلیک میل کرنے کے ارادے کا مقابلہ کرنے کے لیے کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پارٹی کے ڈویژنل، ضلعی اور یونین کونسل کے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ لانگ مارچ میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور اس کی کامیابی کے لیے کارکنوں کو متحرک کریں۔

مزید پڑھیں: او آئی سی وزرائے خارجہ کی وجہ سے 23 مارچ کو احتجاجی قافلے اسلام آباد نہیں آئیں گے، اپوزیشن

شیڈول کے مطابق مسلم لیگ (ن) 24 مارچ کو لاہور سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی، پارٹی کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز قافلے کی قیادت کریں گے۔

قافلہ اگلے دن گوجرانوالہ پہنچے گا اور رات وہیں قیام کرے گا، 26 مارچ کو کارکن راولپنڈی کے لیے روانہ ہوں گے جہاں سے اگلے روز ملک کے دیگر حصوں سے قافلے پہنچیں گے اور ایک ساتھ اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو 27 مارچ کو ملک کی اب تک کی سب سے بڑی ریلی کے لیے ڈی چوک پہنچنے کی کال دی ہے۔

گزشتہ روز لاہور میں بینرز دیکھے گئے جن پر شہباز شریف کے حق میں ’وقت کی مجبوری ہے شہباز شریف ضروری ہے‘ کے نعرے درج تھے۔

اس سے قبل چوہدری پرویز الٰہی کو صوبے کا وزیر اعلیٰ بنائے جانے کے حق میں اسی طرح کے بینرز دیکھے جاچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024