• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ٹی آئی کے ایک اور رکن اسمبلی کی حکومت پر تنقید، ضمیر کے مطابق ووٹ دینے کا عزم

شائع March 18, 2022
عامر طلال گوپانگ این اے 186 علی پور سے پی ٹی آئی  کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے— فوٹو:اسکرین گریب
عامر طلال گوپانگ این اے 186 علی پور سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے— فوٹو:اسکرین گریب

پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کے حلقہ این اے 186علی پور سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ نے کہا ہے کہ ان کے دور حکومت میں میرے انتخابی حلقے میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے لہٰذا اپنے حلقے کے عوام اور اپنے ضمیر کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر فیصلہ کروں گا۔

رکن قومی اسمبلی عامر طلال خان گوپانگ نے حلفیہ ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے میں نے کسی سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا، پی ٹی آئی کے وزرا جو ارسطو بنے ہوئے ہیں وہ لوگوں پر رشوت لینے کے بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، اللہ ان سے ضرور پوچھے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا آج سے ساڑھے تین سال قبل پی ٹی آئی میں یہ سوچ کر شامل ہوا تھا کہ اپنے عوام کی خدمت کروں گا، حلقے کے لوگوں کے مسائل حل کروں گا لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم نے گزشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران کوئی کام نہیں کیا، میں اس دور حکومت میں اپنے حلقے کے لیے کوئی کام نہیں کراسکا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے 4 منحرف ارکان سندھ ہاؤس میں کھل کر سامنے آگئے

پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ جب میں اپنے حلقے کے عوام کو مہنگائی میں پستا ہوا دیکھتا ہوں، جب میں دیکھتا ہوں کہ ایک مزدور جو دن بھر محنت کرکے 500 کماتا ہے اور اس 500 روپے سے ایک کلو گھی خریدتا ہے، 150 روپے کلو چینی خریدتا ہے، جب میں دیکھتا ہوں میرے حلقہ کا کاشت کار تین، تین روز لائن میں کھڑا ہونے کے بعد صرف 2 بوری کھاد حاصل کرتا ہے تو بتائیں مجھے کیا فیصلہ کرنا چاہیے۔

مظفرگڑھ سے منتخب پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے جاری کردہ اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں میرے انتخابی حلقے میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے، میرے علاقے کے عوام پریشان ہیں، اپنے حلقے کے عوام اور اپنے ضمیر کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر فیصلہ کروں گا۔

عامر طلال گوپانگ کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد والے روز میں قومی اسمبلی میں ضرور جاؤں گا اور اپنے عوام کی رائے اور اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کر کے تحریک عدم اعتماد پر ووٹ دوں گا۔

مزید پڑھیں:لوگوں کا ضمیر خریدنے کیلئے سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریاں لے کر بیٹھے ہیں، وزیراعظم

واضح رہے کہ عامر طلال گوپانگ 2018 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر این اے 186 علی پور مظفر گڑھ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ روز بھی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 منحرف ارکان کھل کر میڈیا کے سامنے آئے تھے، پی ٹی آئی منحرف ارکان سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود تھے جہاں راجا ریاض نے کہا تھا کہ ہمارے ساتھ 24 ارکان ہیں جو ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔

ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کے رکن اسبملی نور عالم خان اور باسط بخاری سمیت دیگر کئی اراکین کو دیکھایا گیا تھا جو وہاں موجود تھے اور واضح اشارہ دے رہے تھے کہ وزیراعظم کے خلاف پیش ہونے والی تحریک عدم اعتماد پر کس کو ووٹ دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024