• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

معروف یوکرینی اداکارہ میزائل حملے میں ہلاک

شائع March 19, 2022
اداکارہ کی ہلاکت پر عالمی شوبز شخصیات نے بھی اظہار افسوس کیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کی ہلاکت پر عالمی شوبز شخصیات نے بھی اظہار افسوس کیا—فوٹو: انسٹاگرام

یورپی ملک یوکرین میں روسی میزائل حملوں کے دوران معروف اداکارہ اوکسانا شویتس (Oksana Shvets) ہلاک ہوگئیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں یوکرینی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اوکسانا شویتس روس کی جانب سے دارلحکومت کیف کے ایک رہائشی علاقے پر کیے گئے میزائل حملے کے دوران ہلاک ہوئیں۔

رپورٹ میں یوکرینی تھیٹرز سوسائٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایوارڈ یافتہ اداکارہ اہل خانہ کے ہمراہ جس عمارت میں رہائش پذیر تھیں، اس پر روس کی جانب سے میزائل حملہ کیا گیا، جس کے باعث اوکسانا شویتس بھی ہلاک ہوگئیں۔

اداکارہ کی ہلاکت پر تھیٹرز سوسائٹی اور اداکاروں نے دکھ کا اظہار کیا جب کہ دنیا بھر کی فنکار برادری نے بھی ان کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔

اوکسانا شویتس نے نہ صرف یوکرینی ٹی وی بلکہ فلموں اور تھیٹرز میں بھی کام کیا تھا اور انہیں ان کی شاندار اداکاری کے باعث متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا تھا۔

اوکسانا شویتس سے قبل رواں ماہ 7 مارچ کو معروف اداکار و پروڈیوسر پاشا لی بھی روسی حملے میں ہلاک ہوگئے تھے، انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے محافظ فوج کو جوائن کر رکھا تھا۔

شوبز ویب سائٹ ڈیڈ لائن کے مطابق پاشا لی نے روسی حملے کے بعد محافظ فورس جوائن کرنے کی تصدیق اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کی تھی، جس میں انہوں نے اپنی محبوبا اور ہتھیار کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی تھی۔

پاشا لی دارالحکومت کیف کے نواحی علاقے ارپن میں روسی فوج کی شیلنگ میں مارے گئے تھے۔

پاشا لی بھی دیگر عام شہریوں کی طرح روسی حملے کے بعد اپنے شہر، علاقے اور ملک کی حفاظت کے لیے جنگ لڑنے کے لیے میدان میں اترے تھے، تاہم محافظ فورس جوائن کرنے کے کچھ ہی دن بعد وہ ہلاک ہوگئے تھے۔

پاشا لی بھی روسی حملے میں ہلاک ہوگئے تھے—فوٹو: انسٹاگرام
پاشا لی بھی روسی حملے میں ہلاک ہوگئے تھے—فوٹو: انسٹاگرام

یوکرین پر روس نے گزشتہ ماہ 24 فروری کو حملوں کا آغاز کیا تھا اور تب سے اب تک اگرچہ روس نے بعض مواقع پر جنگ بندی بھی کی تھی، تاہم یوکرین پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

روسی حملے کے بعد یوکرین کے اداکار اور آرٹسٹ بھی عام شہریوں کی طرح اپنے ملک کی حفاظت کی خاطر میدان میں اترے ہیں۔

روسی حملوں سے جہاں اب تک یوکرین کے دو معروف اداکار ہلاک ہوچکے ہیں، وہاں حملوں میں متعدد غیر ملکی صحافی، فلم میکرز اور کیمرامین بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024