سام سنگ کے گلیکسی اے سیریز کے 3 'کم قیمت' اسمارٹ فونز متعارف
سام سنگ نے فروری میں ایک ایونٹ کے دوران گلیکسی ایس 22 سیریز اور ٹیب ایس 8 سیریز کو متعارف کرایا تھا۔
اب ایک ماہ کے اندر ہی جنوبی کورین کمپنی کے ایک اور ایونٹ میں گلیکسی اے سیریز کے 3 نئے فونز متعارف کرائے گئے ہیں۔
سام سنگ گلیکسی اے 33، گلیکسی اے 53 اور گلیکسی اے 73 اسمارٹ فونز کو 17 مارچ کو ایک ایونٹ میں پیش کیا گیا۔
کمپنی کے مطابق تینوں فونز کی بیٹری فل چارج ہونے پر 2 دن تک آرام سے کام کرسکے گی جبکہ اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ون یو آئی 4.1 سے کیا گیا ہے۔
صارفین کو 4 اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹس جبکہ 5 سال تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔
گلیکسی اے 73 فائیو جی
یہ تینوں فونز میں سب سے بڑا ہے جس میں 6.7 انچ کا سپر امولیڈ ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کے ساتھ ہے۔
فون میں 6 سے 8 جی بی ریم جبکہ 128 سے 256 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگی جس میں ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے، جس کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 5 میگا پکسل میکرو اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرے موجود ہیں۔
فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہے۔
فون کے اندر 5000 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ سے لیس ہے۔
یہ فون اپریل میں مخصوص مارکیٹس میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، فی الحال اس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔
گلیکسی اے 53 فائیو جی
گلیکسی اے 50 سیریز کے فونز میں زیادہ تر فلیگ شپ ایس سیریز کے فیچرز ہوتے ہیں مگر قیمت کم ہوتی ہے جبکہ کیمرا سیٹ اپ بھی مناسب ہوتا ہے۔
گلیکسی اے 53 بھی 5 جی فون ہے جس میں 6.5 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سے لیس ہے۔
فون کے اندر کمپنی کا اپنا تیار کردہ ایکسینوس 1280 پراسیسر موجود ہے۔
6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے جس میں ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
فون کے بیک پر 64 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 5 میگا پکسل میکرو اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے موجود ہیں، جبکہ 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا ڈیوائس کا حصہ ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے پراسیسر سے نائٹ موڈ شاٹس کا معیار بہتر ہوا ہے جبکہ یہ 2 کیمروں کو پورٹریٹ موڈ کے طور پر استعمال کرکے سنجیکٹ اور بیک گراؤنڈ کو زیادہ بہتر طریقے سے الگ کرتا ہے۔
روشنی میں ویڈیو ریکارڈز کے لیے یہ خودکار طور پر بہترین فریم ریٹ کا انتخاب کرسکتا ہے۔
فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔
یہ فون یکم اپریل سے مخصوص ممالک میں دستیاب ہوگا جس کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 450 یورو (89 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 510 یورو (ایک لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔
گلیکسی اے 33 فائیو جی
یہ فون 6.4 انچ کے سپر امولیڈ ڈسپلے سے لیس ہے جس میں 90 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ دی گئی ہے۔
فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے۔
اس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 5 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرے دیئے گئے ہیں۔
فون کے فرنٹ پر 13 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔
5000 ایم اے ایچ بیٹری 15 واٹ چارج سپورٹ کے ساتھ ہے جبکہ 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگی جس میں ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
اس فون کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 370 یورو (73 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔