• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رشی کپور کی آخری فلم ’شرما جی نمکین‘ رواں ماہ ریلیز کرنے کا اعلان

شائع March 18, 2022
پہلی بار ایک ہی کردار کو دو مختلف اداکار ادا کریں گے—پرومو فوٹو
پہلی بار ایک ہی کردار کو دو مختلف اداکار ادا کریں گے—پرومو فوٹو

بولی وڈ کے آنجھانی اداکار رشی کپور کی آخری فلم ’شرما جی نمکین‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں ان کا نصف کردار پریش راول ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

بولی وڈ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہونے جا رہا ہے کہ کسی ایک کردار کو دو مختلف اداکار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

’شرما جی نمکین‘ کی شوٹنگ کے دوران رشی کپور اپریل 2020 میں کینسر کے باعث چل بسے تھے، جس کے بعد ان کا بقیہ کردار پریش راول نے شوٹ کروایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: رشی کپور کی آخری فلم ’شرما جی نمکین‘

فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر کے آغاز میں رشی کپور اور پریش راول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پہلی بار ایک ہی کردار کو دو اداکار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

جاری کیے گئے ٹریلر میں دونوں اداکاروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں مگر اس سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ شرما جی نمکین ریٹائرمنٹ کے بعد بیٹوں کے ہمراہ رہتے ہوئے زائدالعمری کی وجہ سے کچھ گھٹن محسوس کرتے ہیں، تاہم اس کے باوجود وہ اپنے نرالے شوق پورے کرتے رہتے ہیں۔

ٹریلر میں شرما جی کو ایک باورچی کے روپ میں دکھایا گیا ہے جو نوجوان خواتین کے لیے لذیذ اور ذائقہ دار کھانے بناتے ہیں۔

ٹریلر میں ماضی کی مقبول اداکارہ جوہی چاولہ کو بھی شرما جی سے محبت کرتے دکھایا گیا ہے۔

فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے رواں ماہ 31 مارچ کو ایمازون پرائم ویڈیو پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

’شرما جی نمکین‘ کو اسٹریمنگ ویب سائٹ کے علاوہ سینما گھروں میں بھی دکھایا جائے گا، اس کی ہدایات ہتیش بھاٹیا نے دی ہیں اور وہ فلم کے شریک لکھاری بھی ہیں۔

اسی فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی رشی کپور 30 اپریل 2020 کو کینسر کے باعث چل بسے تھے۔

ان میں 2018 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ علاج کے لیے امریکا بھی گئے تھے۔

رشی کپور نے بولی وڈ میں اپنے باقاعدہ کریئر کا آغاز سنہ 1973 میں فلم ’بوبی‘ سے کیا تھا جو ایک سپرہٹ فلم تھی، جس کے بعد انہوں نے 5 دہائیوں میں کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

انہوں نے اپنے زمانے کی مشہور ہیروئن نیتو سنگھ سے 1980 میں شادی کی تھی اور ان کے بیٹے رنبیر کپور بھی بولی وڈ میں صفِ اول کے اداکار ہیں، ان کی بیٹی ردھما بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024