• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سائنوویک ویکسین 3 سے 5 سال کے بچوں کو کووڈ کے سنگین اثرات سے بچانے کیلئے مؤثر قرار

شائع March 17, 2022
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں دریافت کی گئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں دریافت کی گئی — شٹر اسٹاک فوٹو

چینی کمپنی سائنو ویک کی تیار کردہ کووڈ ویکسین 3 سے 5 سال کی عمر کے بچوں کے لیے بہت زیادہ مؤثر ہے۔

یہ بات چلی میں حقیقی دنیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں دریافت کی گئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چلی میں اومیکرون کی لہر کے دوران اس ویکسین کے استعمال سے 3 سے 5 سال کی عمر کے بچوں کو کووڈ سے متاثر ہونے، بیماری سے متاثر ہونے پر ہسپتال اور آئی سی یو میں داخلے کے خطرے سے نمایاں تحفظ ملا۔

تحقیق میں تخمینہ لگایا گیا کہ 3 سے 5 سال کے بچوں کو سائنو ویک ویکسین سے کووڈ کے شکار ہونے سے 38.2 فیصد، ہسپتال میں داخلے کے خطرے سے 64.6 فیصد اور آئی سی یو میں داخلے سے بچاؤ میں 69 فیصد تحفظ ملا۔

تحقیق میں کہا گیا کہ بیماری کے شکار ہونے سے ملنے والا تحفظ بہت زیادہ نہیں تھا مگر شدید بیماری سے بچاؤ کے خلاف ملنے والا تحفظ بہت زیادہ تھا۔

سائنو ویک نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ یہ دنیا میں 3 سے 5 سال کی عمر کے بچوں میں نئی ان ایکٹیو ویکسین کے اثرات کا پہلا شائع ہونے والا ڈیٹا ہے۔

چلی کی وزارت صحت کے زیرتحت ہونے والی تحقیق میں 6 دسمبر 2021 سے 26 فروری تک کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی اور وہاں پھیلنے والی اومیکرون پر توجہ مرکوز کی گئی۔

محققین نے کہا کہ وہ ویکسین کی موت سے بچانے کے لیے افادیت کا تخمینہ اس لیے نہیں لگاسکے کیونکہ ویکسینیشن نہ کرانے والے گروپ میں اس عرصے کے دوران صرف 2 اموات ہوئیں۔

چلی میں 6 دسمبر 2021 کو 3 سے 5 سال کی عمر کے بچوں کی ویکسینیشن شروع ہوئی تھی۔

اومیکرون کی لہر کے دوران چلی میں کووڈ کیسز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ بچوں کے ہسپتالوں میں داخلے کی شرح بھی بڑھ گئی۔

اس تحقیق میں 4 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ بچوں میں ویکسین کی 2 خوراکوں کی افادیت کو دیکھا گیا تھا۔

اس سے قبل چلی میں 6 سے 16 سال کی عمر کے بچوں پر ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ سائنو ویک ویکسین سے بیماری سے بچنے میں 74.5 فیصد، ہسپتال میں داخلے سے 91 فیصد جبکہ آئی سی یو میں داخلے سے 93.8 فیصد تک تحفظ ملا۔

سائنو ویک کے مطابق چلی کے نتائج اور عالمی سطح پر 3 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں میں اس ویکسین کی 26 کروڑ خوراکوں کے استعمال سے اس کے محفوظ ہونے اور افادیت کی تصدیق ہوتی ہے۔

کمپنی کے مطابق بالخصوص یہ بہت زیادہ بیمار ہونے اور ہسپتال میں داخلے کے خطرے سے بچانے کے لیے بہت زیادہ مؤثر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024