• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

احد رضا میر نیٹ فلیکس کی ویب سیریز میں کاسٹ

شائع March 17, 2022
اداکار ویب سیریز میں اہم کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکار ویب سیریز میں اہم کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکار احد رضا میر کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ جلد ہی عہد وفا اداکار اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کی اوریجنل ہارر ویب سیریز میں اہم کردار میں دکھائی دیں گے۔

احد رضا میر ماضی میں برطانیہ میں ’ہیملیٹ: اے گھوسٹ اسٹوری‘نامی اسٹیج تھیٹر میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں جب کہ وہ معروف انگریز مصنف ولیم شیسکپیئر کے شہرہ آفاق تھیٹر ڈرامے ’ہیملیٹ‘ (دی ٹریجڈی آف ہیملیٹ، پرنس آف ڈینمارک) میں بھی ایکشن دکھا چکے ہیں۔

اور اب جلد ہی وہ نیٹ فلیکس کی عالمی ہارر لائیو ایکشن ویب سیریز میں برطانوی، امریکی، جاپانی اور یوکرینی اداکاروں کے ہمراہ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی نے اپنی رپورٹ میں تصدیق کی کہ احد رضا میر جاپانی ویڈیو گیم پر بنائی جانے والی ایک ویب سیریز میں اہم کردار میں دکھائی دیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ احد رضا میر ریزیڈنٹ ایول نامی ویب سیریز میں دکھائی دیں گے، جس میں مختلف ممالک کے اداکار ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث احد رضا میر کا ’ہیملیٹ‘ ایک سال تک مؤخر

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلیکس نے فوری طور پر احد رضا میر کے کردار کے حوالے سے کوئی وضاحت اور تصدیق نہیں کی کہ انہیں کون سا کردار دیا جائے گا، تاہم انہیں ایشیائی کردار دیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریزیڈنٹ ایول نامی ویب سیریز جاپانی ویڈیو گیم سے ماخوذ ہے جو کہ ہارر تھرلر ہوگی۔

پہلی نیٹ فلیکس اوریجنل ویب سیریز میں اداکاری دکھانے سے قبل احد رضا میر کینیڈا میں رہائش کے دوران برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں تھیٹرز میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور ان میں شاندار اداکاری کے بدولت ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔

احد رضا میر کو پاکستانی ڈراموں کی وجہ سے کافی شہرت حاصل ہے، انہیں ان کی اہلیہ سجل علی کے ہمراہ اسکرین پر سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

احد رضا میر اور سجل علی دھوپ کی دیوار نامی ویب سیریز میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں، جسے زی فائیو پر نشر کیا گیا تھا، علاوہ ازیں دونوں نے متعدد ڈراموں میں ایک ساتھ کردار بھی ادا کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: احد رضا میر عالمی ایوارڈ کے لیے نامزد

احد رضا میر معروف اداکار و ڈراما ساز آصف رضا میر کے بیٹے ہیں، جنہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

احد رضا میر ان دنوں ہم ٹی وی کی فلم ہم تم کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں، علاوہ ازیں وہ متعدد ڈراموں کے منصوبوں کو بھی مکمل کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

کچھ ہفتے قبل احد رضا میر اور سجل علی اپنی طلاق اور علیحدگی کی افواہوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے تھے، رواں برس جنوری کے آغاز میں سجل علی کی چھوٹی بہن صبور علی کی شادی میں احد کی غیر موجودگی کے بعد ان کے درمیان اختلافات کی خبریں وائرل ہوئی تھیں۔

اختلافات، علیحدگی اور طلاق کی خبریں وائرل ہونے کے باوجود دونوں نے واضح طور پر اس حوالے سے کوئی تردید نہیں کی، تاہم ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان کوئی اختلافات نہیں، بس مصروفیات کی وجہ سے ایک ساتھ دکھائی نہیں دیتے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024