• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

میچ فکسنگ کیلئے میرے کھلاڑیوں کو بھاری رقوم کی لالچ دی جا رہی ہے، وزیراعظم

شائع March 17, 2022
وزیراعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ ڈرا کرنے پر قومی ٹیم بالخصوص کپتان بابراعظم کو مبارکباد پیش کی— فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ ڈرا کرنے پر قومی ٹیم بالخصوص کپتان بابراعظم کو مبارکباد پیش کی— فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم عمران خان نے کراچی ٹیسٹ ڈرا کرنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں میچ دیکھ نہیں سکا کیونکہ میں میچ فکسنگ کے خلاف ایک اور محاذ پر لڑ رہا ہوں جہاں میرے کھلاڑیوں کو للچانے کے لیے بڑی بڑی رقوم کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بابر اعظم کو مبارکباد جنہوں نے شاندار کیپٹن اننگز کھیل کر اور بیٹنگ کا عمدہ مظاہرہ کر کے پاکستان نے میچ میں بہترین انداز میں واپسی یقینی بنائی۔

مزید پڑھیں: کراچی ٹیسٹ دلچسپ مقابلے کے بعد ڈرا، بابر اور رضوان نے شکست سے بچالیا

انہوں نے اس بہترین کاوش پر پوری ٹیم بالخصوص عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کو بھی مبارکباد دی۔

عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے میچ نہیں دیکھ سکا کیونکہ میں میچ فکسنگ کے خلاف ایک اور محاز پر لڑ رہا ہوں اور میرے کھلاڑیوں کو للچانے کے لیے بڑی بڑی رقوم کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ ساتھ عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں دو دن تک بیٹنگ کر کے میچ ڈرا کردیا تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم اس سے قبل مختلف جلسوں میں تقاریر کے دوران بھی سیاسی محاذ پر جاری میچ فکسنگ کے الزامات عائد کر چکے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے اراکین اسمبلی کے ساتھ ساتھ حکومت کی اتحادی جماعتوں کو کروڑوں روپے کی پیشکش کی گئی ہے۔

متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے سبب حکومت اس وقت بحرانی صورتحال سے دوچار ہے اور وزیراعظم عمران خان مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر ان کے اراکین کو اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 15 سے 20 کروڑ روپے کی پیشکش کرنے کے الزامات بھی لگا چکے ہیں۔

کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز 556رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: چوتھی اننگز میں شاندار بیٹنگ، بابر اعظم نے کئی ریکارڈ پاش پاش کردیے

جواب میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی لیکن مہمان ٹیم نے بھاری برتری حاصل کرنے کے باوجود پاکستان کو فالوآن نہ کرایا اور خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

آسٹریلیا نے دوسری اننگز 97رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو فتح کے لیے ریکارڈ 506 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 21 رنز پر امام الحق اور تجربہ کار اظہر علی کی وکٹیں گنوا بیٹھی تھی جس کے بعد ایک بڑی شکست صاف نظر آنے لگی تھی لیکن بابراعظم اور 96 رنز بنانے والے نوجوان عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیل سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

دونوں نے 228 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ ڈرا کرنے کی پاکستان کی امیدیں روشن کردیں اور پھر قومی ٹیم کے کپتان نے رضوان کے ہمراہ بھی شاندار شراکت قائم کر کے آسٹریلیا کی میچ جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم کی 196 رنز کی تاریخ ساز اننگز، ‘تمام طرز کے دنیا کے بہترین بلے باز’

بابراعظم نے 196 رنز کی شاندار کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ محمد رضوان نے بھی مشکل حالات میں سنچری اسکور کر کے میچ ڈرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024