• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آرمی چیف کا او آئی سی اجلاس، یوم پاکستان پریڈ کیلئے سیکیورٹی بڑھانے کا حکم

شائع March 16, 2022
آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں کور کمانڈر اجلاس کی سربراہی کی—تصویر: ڈان نیوز
آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں کور کمانڈر اجلاس کی سربراہی کی—تصویر: ڈان نیوز

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے حکم دیا ہے کہ آئندہ ہفتے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس اور دارالحکومت میں یوم پاکستان کی پریڈ کے محفوظ انعقاد کے لیے سیکیورٹی کو بڑھایا جائے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دونوں تقریبات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے جامع اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں 48 ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی تصدیق کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کور کمانڈرز کانفرنس کا پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے پر اظہار تشویش

دوسری جانب 23 مارچ کو منعقد کی جانے والی یوم پاکستان پریڈ جو ایک اور سالانہ ہائی پروفائل تقریب ہے، اس مرتبہ زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے کیونکہ اس کا مشاہدہ او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے وزرائے خارجہ کریں گے۔

چینی وزیر خارجہ وینگ یی بھی ان دونوں پروگراموں میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں ہوں گے، ایک سفارتی ذریعے کے مطابق وینگ یی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

کور کمانڈرز اجلاس سے متعلق آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کو سراہا۔

بیان کے مطابق اجلاس میں شریک جرنیلوں نے ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں:او آئی سی وزرائے خارجہ کی وجہ سے 23 مارچ کو احتجاجی قافلے اسلام آباد نہیں آئیں گے، اپوزیشن

اگرچہ خاص طور پر حالیہ واقعات کی وجہ سے دہشت گردی ایک بڑی تشویش ہے لیکن بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام اور اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف 23 مارچ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ اور اگلے ہی روز اسلام آباد میں جمع ہونے کی کال ایک بڑا درد سر تھا۔

تاہم حزب اختلاف کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے منگل کی رات اعلان کیا کہ مارچ کے شرکا اب 24 مارچ کے بجائے 25 مارچ کو دارالحکومت میں داخل ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے 2014 میں چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ اسلام آباد ملتوی ہونا او آئی سی تقریب کے منتظمین کے ذہنوں میں ابھی تک تازہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024