انیلا مرتضیٰ نے بھی ثنا جاوید کے نوٹس کا جواب دے دیا
اسٹائلسٹ انیلا مرتضیٰ نے بھی اداکارہ ثنا جاوید کی جانب سے بھجوائے گئے ہتک عزت کے قانونی نوٹس کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ کا نام لے کر ان کے خلاف کوئی الزام نہیں لگایا تھا۔
ثنا جاوید نے 11 مارچ کو اپنے خلاف لگائے تمام افراد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے انیلا مرتضیٰ کو بھی قانونی نوٹس بھیجا تھا۔
ثنا جاوید نے 11 مارچ کو انیلا مرتضیٰ، میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار اور ماڈل منال سلیم کو قانونی نوٹسز بھجوائے تھے۔
ثنا جاوید کے نوٹسز پر 15 مارچ کو میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار نے جواب دیا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے اداکارہ کا نام لکھ کر ان پر کوئی الزام نہیں لگایا، اس لیے ان کے خلاف اداکارہ کو کسی طرح کی قانونی کارروائی کا حق نہیں۔
اب اسٹائلسٹ انیلا مرتضیٰ نے بھی ثنا جاوید کے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔
انیلا مرتضٰی نے انسٹاگرام پر اپنے قانونی نوٹس کی تصویر شیئر کی، جس میں انہوں نے وکلا کے توسط سے ثنا جاوید کو جواب بھجوایا۔
یہ بھی پڑھیں: الزامات لگانے پر ثنا جاوید نے انیلا مرتضیٰ سمیت دیگر افراد کو نوٹسز بھجوا دیے
انیلا مرتضیٰ نے اپنے نوٹس میں ثنا جاوید کے تمام دعووں اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہوں نے بھی اداکارہ کا نام لے کر ان کے حوالے سے کوئی تحریر یا سوشل میڈیا پوسٹ شیئر نہیں کی اور نہ ہی زبان ان کے خلاف کوئی الزام لگایا ہے۔
انیلا مرتضیٰ کے مطابق ثنا جاوید نے ثبوتوں کے بغیر ان پر الزام لگایا کہ انہوں نے ان کے خلاف بیان بازی کی، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے ثنا جاویود کے لیے نام لے کر کچھ نہیں بولا۔
اسٹائلسٹ نے ثنا جاوید کے ہتک عزت کے قانونی نوٹس کو بھی بلاجواز قرار دیا اور کہا کہ اگر اداکارہ نے ان کے خلاف کسی طرح کی زبانی یا تحریری بدکلامی کی اور ان پر الزامات لگائے تو وہ بھی ان پر مقدمہ دائر کریں گی۔
انیلا مرتضیٰ کے مطابق انہوں نے ثنا جاوید کا نام لے کر کوئی پوسٹ شیئر نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے ماڈل منال سلیم کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی توثیق کی۔
ماڈل منال سلیم نے ابتدائی طور پر 9 مارچ کو ثنا جاوید کا نام لیے بغیر ان کے خلاف ایک اسٹوری شیئر کی تھی۔
مزید پڑھیں: عمیر وقار نے اداکارہ ثنا جاوید کے نوٹس کا جواب دے دیا
منال سلیم نے انسٹاگرام اسٹوری میں برانڈز کو التجا کی تھی کہ انہیں اب کسی اداکارہ کے ہمراہ کام کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، کیوں کہ بعض اداکارائیں ماڈلز کو دو ٹکی کی سمجھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداکاراؤں میں صرف خود کو ہی بہتر سمجھنے کی ضد ہوتی ہے، اس لیے وہ آئندہ کسی بھی اداکارہ کے ہمراہ کام نہیں کریں گی۔
ان کی جانب سے اسٹوری شیئر کیے جانے کے بعد میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار نے بھی ان کی اسٹوری کو شیئر کیا تھا، تاہم انہوں نے بھی اداکارہ کا نام نہیں لکھا تھا۔
منال سلیم کی اسٹوری کو میک اپ آرٹسٹ اکرام گوہر نے بھی شیئر کیا تھا، جنہوں نے لکھا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ اداکارہ ثنا جاوید کی بات کر رہی ہیں۔
اس کے بعد دیگر میک اپ آرٹسٹس، اسٹائلسٹس، ماڈلز اور نئی اداکاراؤں نے بھی ثنا جاوید کے خلاف الزامات لگاتے ہوئے ان پر نامناسب رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
جہاں شخصیات نے ثنا جاوید پر الزامات لگائے تھے، وہیں متعدد افراد نے ثنا جاوید کی حمایت بھی کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اداکارہ کو کافی عرصے سے جانتے ہیں اور اداکارہ نے کبھی ان کے ساتھ برا رویہ اختیار نہیں کیا۔
لوگوں کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد ہی ثنا جاوید نے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عمیر وقار، ماڈل منال سلیم اور اسٹائلسٹ انیلا مرتضیٰ کو قانونی نوٹسز بھجوائے تھے۔
اور ان کے نوٹسز پر پہلے عمیر وقار اور اب انیلا مرتضیٰ نے جوابات بھی دے دیے۔