• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

عامر خان کا ’پرفیکشنسٹ‘ بننے کے چکر میں ذاتی زندگی تباہ کرنے کا اعتراف

شائع March 14, 2022
خاندان کو وقت نہ دے پانے پر ازدواجی زندگی مسائل کا شکار رہی، عامر خان—اسکرین شاٹ
خاندان کو وقت نہ دے پانے پر ازدواجی زندگی مسائل کا شکار رہی، عامر خان—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ کیریئر بنانے کے چیر میں اپنی دونوں سابق بیویوں کو وقت نہیں دے پائے تھے اور اسی وجہ سے بھی ان کی طلاقیں ہوئیں۔

عامر خان نے اپنی 57 ویں سالگرہ کے موقع پر بھارتی نشریاتی ادارے ’نیوز 18‘ کی ہندی سروس کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی دوسری شادی ٹوٹنے کا سبب بھی بتایا۔

عامر خان نے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ وہ کیریئر بنانے کے چکر میں کرن راؤ کو بھی مناسب وقت نہیں دے پاتے تھے اور وہ ہر وقت شوبز کی مصروفیات میں مصروف رہتے تھے۔

عامر خان کے مطابق انہوں نے سمجھا تھا کہ کرن راؤ عام خاتون ہیں مگر ایسا نہیں ہوا اور انہیں وقت نہ دے پانے کی وجہ سے ان کے ازدواجی تعلقات بگڑنے لگے تھے اور ان تمام مسائل کے وہ ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کرن راؤ سے طلاق کا سبب اپنی مصروفیات بتائیں، انہوں نے دوسری تمام چہ مگوئیوں پر کوئی واضح بات نہیں کی۔

دوران انٹرویو انہوں نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ اس وقت وہ کیریئر بنانے میں مصروف تھے، جس وجہ سے وہ اہلیہ اور بچوں کو وقت نہیں دے پاتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار عامر خان اور اہلیہ کرن راؤ کے درمیان طلاق ہوگئی

انہوں نے کہا کہ وہ اتنے مصروف ہوتے تھے کہ وہ بھول جاتے تھے کہ گھر پر بچے اور بیوی ان کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ محض 18 برس کی عمر میں شوبز میں آئے تھے، جس وجہ سے ان پر اپنا نام اور مقام بنانے کا بھوت سوار تھا، جس وجہ سے انہوں نے ازدواجی زندگی کے بجائے کیریئر کو زیادہ اہمیت دی۔

دوران انٹرویو مسٹر پرفیکشنٹ نے کہا کہ اب ان کی بڑی صاحبزادی 23 برس کی ہوچکی ہے، جنہوں نے ذہنی مسائل کا بھی بہادری سے مقابلہ کیا اور اب وہ ان کے ساتھ ہیں مگر انہیں افسوس ہے جب کہ وہ 4 سال کی تھیں تب وہ انہیں بطور والد وقت نہیں دے پائے تھے۔

عامر خان نے دوران انٹرویو اپنے بڑے بیٹے جنید خان کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ اب 25 برس ہو چکے ہیں اور بہادری سے آگے بڑھ رہے ہیں لیکن جب وہ معصوم تھے، تب انہیں بھی وہ وقت نہیں دے پائے تھے۔

ان کے انٹرویو کے حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ عامر خان نے صاحبزادے جنید خان کے حوالے سے بتایا کہ وہ جلد ہی اداکاری کا آغاز کریں گے۔

عامر خان کے مطابق ان کے بیٹے نے اب تک 20 آڈیشن دیے ہیں، جن میں انہیں ناکامی ملی مگر اب انہیں ایک اچھے پروڈکشن ہاؤس کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے اور جلد ہی جنید خان اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔

خیال رہے کہ عامر خان نے جولائی 2021 میں کرن راؤ سے شادی ختم ہونے اور اپنی طلاق کی تصدیق کی تھی۔

دونوں نے 2005 میں شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں 2011 میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ کرن راؤ اور عامر خان کی جوڑی کا شمار نہ صرف بولی وڈ کی رومانوی جوڑیوں میں ہوتا تھا بلکہ دونوں کو بھارت کی بھی رومانوی جوڑیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ دونوں نے متعدد فلمی منصوبے ایک ساتھ کیے اور شادی سے قبل بھی دونوں کے درمیان اچھے تعلقات رہے تھے۔ شادی ختم ہونے کے بعد بھی انہیں ایک ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جاتا رہا ہے اور دونوں اب تک ایک دوسرے کو بہترین دوست قرار دیتے آ رہے ہیں۔

کرن راؤ سے قبل عامر خان نے کیریئر کے آغاز میں 1986 میں ہی اداکارہ رینا دتا سے شادی کی تھی مگر ان کی پہلی شادی بھی 16 سال بعد 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

عامر خان کو پہلی شادی سے دو بچے ہیں، جن میں بیٹی ارا خان اور بیٹا جنید خان ہے، جب کہ دوسری بیوی کرن راؤ سے انہیں 2011 میں بیٹا آزاد خان ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024