• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اداکاراؤں اور میک اپ آرٹسٹس کے اداکارہ ثنا جاوید پر سنگین الزامات

شائع March 11, 2022
اداکارہ ثنا جاوید نے فوری طور پر کوئی بیان نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ ثنا جاوید نے فوری طور پر کوئی بیان نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ منال سلیم، ماڈل فریحہ شیخ اور میک اپ آرٹسٹس اکرام گوہر اور ریان تھومس نے اداکارہ ثنا جاوید پر نامناسب رویے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کردیے۔

ابتدائی طور پر ماڈل منال سلیم نے انسٹاگرام اسٹوری میں کسی بھی اداکارہ کا نام لیے بغیر برانڈز کو التجا کی تھی کہ انہیں اب کسی اداکارہ کے ہمراہ کام کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، کیوں کہ بعض اداکارائیں ماڈلز کو دو ٹکی کی سمجھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اداکاراؤں میں صرف خود کو ہی بہتر سمجھنے کی ضد ہوتی ہے، اس لیے وہ آئندہ کسی بھی اداکارہ کے ہمراہ کام نہیں کریں گی۔

ان کی جانب سے اسٹوری شیئر کیے جانے کے بعد میک اپ آرٹسٹ اکرام گوہر نے ان کی ہی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ اداکارہ ثنا جاوید کی بات کر رہی ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے ثنا جاوید کو ’غیر پیشہ ورانہ اور خوفناک‘ شخصیت بھی قرار دیا۔

ابتدائی طور پر ماڈل منال سلیم نے اداکارہ کے خلاف ٹوئٹ کی تھی—اسکرین شاٹ
ابتدائی طور پر ماڈل منال سلیم نے اداکارہ کے خلاف ٹوئٹ کی تھی—اسکرین شاٹ

بعد ازاں اکرام گوہر نے انسٹاگرام پر ثنا جاوید کے خلاف لمبی چوڑی پوسٹ میں بھی ان پر سنگین الزامات لگائے اور ان پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا۔

اکرام گوہر نے اپنی پوسٹ میں ماڈل منال سلیم کو رحم دل اور بہترین شخصیت کی ماڈل اور خاتون قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ ثنا جاوید کون ہوتی ہیں، انہیں ’دو ٹکے کی ماڈل‘ کہنے والی؟

اکرام گوہر نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ایک بار ثنا جاوید نے انہیں کراچی کے علاقے ڈیفینس ہاؤنسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں میک اپ کے لیے بلایا اور انہیں کئی گھنٹوں تک اپنے سامنے رہ کر میک اپ کرنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے ثنا جاوید سے واش روم جانے کی اجازت مانگی تو اداکارہ نے انہیں گھر کا واش روم بھی استعمال نہیں کرنے دیا اور قریبی ریسٹورنٹ میں جانے کا کہا۔

میک اپ آرٹسٹ کے مطابق کئی گھنٹوں بعد ثنا جاوید نے ان سے آئی بروز سیٹ کروائے مگر جلد ہی ان کی سیٹنگ خراب کرکے انہیں جھاڑ پلادی کہ انہیں میک اپ کرنا نہیں آتا۔

اکرام گوہر نے ثنا جاوید کو انتہائی خراب شخصیت کی مالک، غیر پیشہ ورانہ اور بے رحم خاتون قرار دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے مہوش حیات، ماہرہ خان، کبریٰ خان اور عروہ حسین جیسی اداکاراؤں کے ساتھ بھی کام کیا ہے اور وہ تمام ہی خوبصورت دل کی مالک اداکارائیں ہیں مگر ثنا جاوید بہت بری خاتون ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ غیر پیشہ ورانہ اور خوفناک شخصیت کے باعث ثنا جاوید پر انڈسٹری میں پابندی لگائی جانی چاہیے۔

ان کی پوسٹ پر متعدد معروف اداکاراؤں نے کمنٹس کرتے ہوئے اکرام گوہر کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں خوبصورت دل کا مالک قرار دیا۔

متعدد شوبز شخصیات نے بھی میک اپ آرٹسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا—اسکرین شاٹ
متعدد شوبز شخصیات نے بھی میک اپ آرٹسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا—اسکرین شاٹ

شوبز شخصیات نے اکرام گوہر کی تعریف کرتے ہوئے میک اپ آرٹسٹس کو انڈسٹری کے لیے سرمایہ قرار دیا، تاہم انہوں نے کھل کر ثنا جاوید کی مخالفت یا مذمت نہیں کی۔

ان کی طرح میک اپ آرٹسٹ ریان تھومس نے بھی ثنا جاوید کے ساتھ کام کرنے کے بدترین تجربے کا ذکر کیا اور کہا کہ اداکارہ نے جہاں انہیں گھنٹوں تک پھسائے رکھا، وہیں انہیں یہ بھی کہا کہ انہیں کوئی کام نہیں آتا۔

ریان تھومس کے مطابق سال 2020 میں انہوں نے صدف کنول اور ثنا جاوید کے لیے پیسا ایوارڈز کے دوران ایک ساتھ کام کرنے کا پروگرام بنایا مگر ثنا جاوید نے انہیں 10 گھنٹوں تک اپنے ساتھ رکھ کر صدف کنول کے ساتھ انہیں کام کرنے ہی نہیں دیا۔

ریان تھومس کے مطابق جیسے ہی وہ ثنا جاوید کے پاس دو گھنٹوں کے لیے پہنچے تو اداکارہ کو مائگرین کی وجہ سے گرم پانی میں نہانا پڑا اور کافی دیر بعد وہ ان کے پاس آئیں تو بہانے اور نخرے کرنے لگیں جب کہ ان سے موبائل فون بھی لے لیا گیا۔

ریان تھومس کے مطابق 10 گھنٹوں تک ساتھ رکھنے کے بعد اداکارہ نے انہیں ہی جھاڑ پلائی اور کہا کہ انہیں کوئی کام نہیں آتا جب کہ اداکارہ ریڈ کارپٹ کے لیے بھی لیٹ ہو چکی تھیں اور یہ کہ صدف کنول نے ان کا انتظار کرنے کے بعد کسی اور سے میک اپ کروالیا۔

انہوں نے بھی ثنا جاوید کو غیر پیشہ ورانہ اور خوفناک شخصیت کی خاتون قرار دیا اور ان کی پوسٹ پر بھی متعدد شوبز شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

ان کی طرح ماڈل فریحہ شیخ نے بھی ثنا جاوید کے رویے پر پوسٹ کی اور لکھا کہ اداکارہ خود کو ہی کام کرنے والا اور محنت کرنے والا سمجھتی ہیں جب کہ دوسرے کے لیے ان کے دل میں کوئی عزت و احترام نہیں۔

فریحہ شیخ نے ایک واقعے کا ذکر کیا کہ انہوں نے ثنا جاوید کے ساتھ کام کیا اور ان کی وجہ سے انہیں وہاں مشکلات پیش آئیں جب کہ حیران کن طور پر فیشن ڈیزائنر نے بھی اداکارہ کا غصہ ان پر اتارا۔

شوبز شخصیات نے اداکارہ کی واضح مذمت نہیں کی—اسکرین شاٹ
شوبز شخصیات نے اداکارہ کی واضح مذمت نہیں کی—اسکرین شاٹ

فریحہ شیخ کے مطابق فیشن ڈیزائنر نے معروف شخصیت کی وجہ سے انہیں ڈانٹا، جس پر وہاں موجود دو لوگوں نے انہیں سمجھایا۔

فریحہ شیخ نے امید ظاہر کی کہ ان کی جانب سے کہانی بیان کرنے کے بعد اداکاراؤں سمیت فیشن ڈیزائنرز کو ہر کسی کی اہمیت اور شخصیت کا اندازہ ہوگا اور کسی کو دوسرے پر اہمیت و فوقیت نہیں دی جائے گی۔

ماڈلز اور میک اپ آرٹسٹس کی جانب سے سنگین الزامات لگائے جانے پر فوری طور پر ثنا جاوید نے کوئی رد عمل نہیں دیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ متعدد شخصیات نے اپنی ہی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات پر نامناسب رویہ اختیار کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں، اس سے قبل بیک وقت کسی بھی شوبز شخصیات پر اپنے ہی ساتھیوں نے اس طرح کے الزامات نہیں لگائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024