• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

فہیم اشرف کووڈ-19 کا شکار ہو کر آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر

شائع March 9, 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فہیم اشرف کو اگلے پانچ دن آئسولیشن میں رہنا ہو گا— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فہیم اشرف کو اگلے پانچ دن آئسولیشن میں رہنا ہو گا— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور وہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ بدھ کو کراچی میں ٹیم ہوٹل آمد پر فہیم اشرف کا کووڈ کا ٹیسٹ مثبت آ گیا اور انہیں اگلے پانچ دن آئسولیشن میں رہنا ہو گا۔

مزید پڑھیں: حسن اور فہیم انجری کے سبب آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر

اسکواڈ میں چند متبادل کھلاڑیوں کی موجودگی کی وجہ سے فہیم اشرف کے متبادل کھلاڑی کا اعلان ہونا مشکل ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کی وجہ سے ہی فہیم اشرف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں فہیم اشرف پاکستانی ٹیم کا انتہائی حصہ تصور کیے جاتے ہیں اور ٹیم کو بیٹنگ اور باؤلنگ میں وہ توازن فراہم کرتے ہیں جس کی راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹ میں شدید کمی محسوس ہوئی۔

فہیم اشرف کی ٹیسٹ الیون میں اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے تسلیم کیا تھا کہ فہیم سمیت چند اہم کھلاڑیوں کی غیرموجودگی کی وجہ سے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے بے جان وکٹ تیار کی گئی تھی۔

پہلے ٹیسٹ میچ سے فہیم اشرف اور حسن علی کے باہر ہونے کے بعد پاکستان نے افتخار احمد اور نسیم شاہ کو ان کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا تھا، دونوں کھلاڑیوں نے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا لیکن فہیم کی جگہ لینے والے افتخار نے صرف تین اوورز کرائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کےخلاف پاکستانی اوپنرز کی عمدہ بیٹنگ، 51 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

پاکستان کو امید ہے کہ حسن علی اگلے ٹیسٹ میچ سے قبل فٹ ہو جائیں گے جس کی بدولت پاکستان کو وہ باؤلنگ جوڑی دستیاب ہو گی جس نے گزشتہ سال ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 80وکٹیں لی تھیں۔

پاکستان کے اسکواڈ کے بقیہ کھلاڑیوں کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے جبکہ کووڈ۔19 کا شکار ہونے کے سبب پہلا ٹیسٹ نہ کھیلنے والے حارث رؤف بھی اگلے ٹیسٹ میچ میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہفتے سے کراچی میں شروع ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024