• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سپریم کورٹ کا فاٹا انضمام سے متعلق درخواستوں پر لارجر بینچ بنانے کا فیصلہ

شائع March 9, 2022
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جمہوریت آئین کا بنیادی جز ہے—فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جمہوریت آئین کا بنیادی جز ہے—فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ

سپریم کورٹ نے قبائلی اضلاع (سابق فاٹا) کے خیبر پختونخوا میں انضمام سے متعلق پچیسویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بینچ نے 25ویں آئینی ترمیم کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ درخواست گزاروں کی جانب سے آئین میں درج وفاقی اکائیوں کی حیثیت تبدیل نہ کرنے کا سوال اٹھایا گیا ہے، کیس میں اہم نکتہ یہ بھی ہے کہ پارلیمنٹ کے آئین میں ترمیم پر کیا اختیارات اور حدود متعین ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: وفاق، خیبر پختونخوا کی 25ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا

اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا کہ یہ تعین کرنا ضروری ہے کہ پارلیمنٹ کس حد تک آئین میں ترامیم کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی علاقے کے انضمام سے وہاں کے رہائشیوں کے حقوق سلب ہوں تو وفاقی اکائیوں کا سوال اٹھ سکتا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا فاٹا کے انضمام سے قبائلی علاقوں کے رہائشیوں کی صوبائی اور قومی اسمبلی میں نمائندگی متاثر ہوئی؟

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پچیسویں آئینی ترمیم کے بعد بڑا مسئلہ ہی فاٹا کے نمائندوں کی قومی و صوبائی اسمبلیوں میں نشستوں کا تھا، فاٹا کے نمائندوں نے پچیسویں آئینی ترمیم کی حمایت کی تھی۔

اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ آئین کے تحت ایگزیکٹو آرڈر سے قبائلی علاقوں کو سیز کیا جا سکتا ہے، فاٹا کے انضمام سے قبل جرگے سے مشاورت بھی کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی: فاٹا انضمام سے متعلق 31ویں آئینی ترمیم کا بل بھاری اکثریت سے منظور

بینچ کے رکن جسٹس محمد علی مظہر نے دریافت کیا کہ فاٹا کے انضمام سے اصل مسئلہ کیا ہے؟

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ فاٹا والے کہہ چکے ان کی تہذیب خیبر پختونخوا سے مختلف ہے، فاٹا والوں کا مؤقف آچکا ہے کہ آئین نے ان کو الگ حیثیت کا جو تحفظ دیا وہ ترمیم کے ذریعے واپس لے لیا گیا۔

جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ کیا پارلیمنٹ نے آئین کے تحت دیے گئے اختیارات واپس لیتے وقت فاٹا کی عوام سے رائے لی تھی؟

اٹارنی جنرل نے کہا کہ آئین کی دفعہ 257 میں درج ہے کہ اگر کشمیر آزاد ریاست کے طور پر رہنا چاہے تو کشمیریوں کی رائے لی جائے۔

اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ کشمیر کا مسئلہ اور بیک گراؤنڈ بالکل مختلف ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جمہوریت آئین کا بنیادی جز ہے، پچیسویں آئینی ترمیم کا مقصد قبائلی علاقوں میں جمہوریت لانا بتایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: انضمام شدہ علاقوں کے طلبہ 2 سال بعد بھی وظیفہ اسکیم سے محروم

دورانِ سماعت خیبرپختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ کا پارلیمنٹ کی ترمیم کو کالعدم قرار دینا اختیارات سے تجاوز ہو گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ان تمام سوالوں کے جوابات پر تفصیلی دلائل سنیں گے، کیس کو ماہ رمضان کے بعد لارجر بینچ میں سنا جائے گا۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت رمضان کے بعد تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ درخواستوں کو سابق فاٹا کی ملک برادری کے متعدد افراد بالخصوص ملک انور اللہ خان نے اپنے وکیل وسیم سجاد کے ذریعے دائر کیا تھا۔

درخواست گزاروں کی شکایت یہ تھی کہ فاٹا کے عوام 25 ویں آئینی ترمیم کی بنیاد پر انضمام کے اقدام پر عدم اعتماد اور غم و غصے کا شکار ہے جس کی وجہ فاٹا کے عوام سے قائداعظم محمد علی جناح کا ایک وعدہ ہے جس کی وجہ سے انہوں نے رضاکارانہ طور پر پاکستان کا حصہ بننے پر اتفاق کیا تھا اور اس کے علاوہ ترمیم لانے سے قبل ان سے مشورہ نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی کوئی جرگہ یا رائے شماری آئین کے آرٹیکل 247 (6) کے تحت کرائی گئی تھی۔

جس پر وفاقی اور خیبر پختونخوا کی جانب سے سپریم کورٹ سے ایک اپیل میں استدعا کی گئی تھی کہ یہ درخواستیں آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت سپریم کورٹ کے اصل دائرہ اختیار کے تحت دائر نہیں کی جاسکتیں لہذا ان کو فوراً مسترد کردیا جانا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024