• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم کو بچانے کیلئے غیر آئینی طریقہ استعمال نہیں کرنے دیں گے، بلاول بھٹو

شائع March 9, 2022
بلاول بھٹو نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا جمہوری ہتھیار ہے— ٹوئٹر/پی پی پی
بلاول بھٹو نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا جمہوری ہتھیار ہے— ٹوئٹر/پی پی پی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے اتحادیوں اور سہولت کاروں سے کہا ہے کہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ میں کسی کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے غیر آئینی طریقے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے گزشتہ شب پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈی چوک کے قریب اختتام پذیر ہونے والے 10 روزہ عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ٹی آئی حکومت کے تمام اتحادیوں، سہولت کاروں اور حامیوں کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ 'کٹھ پتلی' وزیر اعظم کو بچانے کے لیے سیاست میں مداخلت نہ کریں، یہ آپ کے لیے یہ ظاہر کرنے کا آخری موقع ہے کہ آپ ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو بچانے اور ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کرتے ہوئے عوام کو بنیادی حقوق اور تمام صوبوں کو ان کے وسائل کی ملکیت دلانے کے لیے لانگ مارچ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'عوامی مارچ کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے کم ہوئے'

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا جمہوری ہتھیار ہے اور وہ اسے سلیکٹڈ وزیر اعظم کو گھر بھیجنے کے لیے استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدر آباد، ملتان، لاہور سمیت ملک بھر کے عوام نے سلیکٹڈ وزیر اعظم سے جان چھڑانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومت گرانے کے لیے غیر جمہوری طریقوں پر یقین نہیں رکھتی لیکن پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد اور سڑکوں پر احتجاج کے ذریعے وزیر اعظم کو معزول کرنا چاہتی ہے۔

مزید پڑھیں: امپائر کی انگلی سے بننے والی حکومت عوام نہیں، امپائر کی طرف دیکھتی ہے، بلاول

انہوں نے کہا کہ ہم نے آئین کی حدود میں رہتے ہوئے حکومت پر جمہوری حملہ کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی حکومت 1973 کے آئین اور 18ویں ترمیم کے خلاف سازش کر رہی ہے لیکن پیپلز پارٹی اسے قبول نہیں کرے گی، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم نے عوام دشمن پالیسیاں بنائیں، ناقص معاشی پالیسیوں اور پی ٹی آئی-آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان ہوا، عمران خان نے امیروں کو ایمنسٹی اسکیم دی اور غریبوں کی زندگی اجیرن کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ شروع، 'اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے'

خارجہ پالیسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے چین ۔ پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور ایران ۔ پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے معاہدوں کو حتمی شکل دی۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کی کوششوں کی وجہ سے یورپی یونین نے پاکستان کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اب دنیا میں تنہا ہو گیا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو بُری طرح ہینڈل کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردوں کے لیے عام معافی قبول نہیں کرے گی، پی ٹی آئی حکومت پارلیمنٹ اور عوام کی اجازت کے بغیر دہشت گردوں کو عام معافی دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024