• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

میری گرفتاری وارنٹ جاری نہیں ہوئے، ہراساں کیا جا رہا ہے، سوناکشی سنہا

شائع March 9, 2022
اداکارہ نے میڈیا پر بھی افسوس کیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے میڈیا پر بھی افسوس کیا—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی ’دبنگ گرل‘ سوناکشی سنہا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی میڈیا میں ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی خبر جعلی ہے۔

دو دن قبل بھارتی میڈیا نے خبر دی تھی کہ سوناکشی سنہا کے پرانے فراڈ کیس میں ریاست اترپردیش کے شہر مراد آباد کی عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

تاہم اب انہوں نے مذکورہ خبر کو جعلی قرار دیتے ہوئے اسے خود کو ہراساں کیے جانے کا تسلسل قرار دیا ہے۔

سوناکشی سنہا نے 8 مارچ کو انسٹاگرام اسٹوری میں واضح کیا کہ ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی خبر جعلی ہے اور وہ حیران ہیں کہ کسی بھی میڈیا ہاؤس نے ان سے تصدیق کیے بغیر خبر کیسے چلائی؟

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے حوالے سے کسی بھی عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے اور یہ کہ جس شخص نے مذکورہ خبر میڈیا میں پھیلائی، وہ انہیں ہراساں کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فراڈ کے پرانے مقدمے میں سوناکشی سنہا کے وارنٹ گرفتاری جاری

اگرچہ اداکارہ نے وارنٹ گرفتاری کی خبر کو جھوٹا قرار دیا، تاہم اعتراف کیا کہ ان کے خلاف فراڈ کا ایک کیس مراد آباد کی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور وہ اس پر مزید کوئی بات نہیں کر سکتیں۔

اداکارہ نے جھوٹی خبر چلانے پر میڈیا پر بھی افسوس کا اظہار کیا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے جھوٹی خبر چلانے پر میڈیا پر بھی افسوس کا اظہار کیا—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے کہا کہ ان کے خلاف جھوٹا کیس دائر کیا گیا، جس پر ان کی قانونی ٹیم کام کر رہی ہے جب کہ وہ مذکورہ معاملے پر اب میڈیا کے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیں گی۔

سوناکشی سنہا نے میڈیا کو اپیل کی کہ ان سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے سے قبل صحافی اور میڈیائی ادارے معاملے کی تصدیق کرلیا کریں۔

اسی حوالے سے ’ہندوستان ٹائمز‘ نے بتایا کہ سوناکشی سنہا نے اپنے وارنٹ گرفتاری کی خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے میڈیا کمپین کو اپنے خلاف ہراساں قرار دیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ایک بلیک میلر شخص ہراساں کر رہے ہیں، جو ان سے مختلف وقتوں میں رقم بھی بٹور چکے ہیں۔

سوناکشی سنہا نے بلیک میلر شخص کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا بھی اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: سوناکشی سنہا پر دھوکا دہی کا مقدمہ درج

خیال رہے کہ سوناکشی سنہا کے خلاف مراد آباد پولیس اسٹیشن میں فراڈ کا مقدمہ دائر ہے، ان کے خلاف 2019 میں دو مقدمات دائر کیے گئے تھے۔

سوناکشی سنہا کے خلاف مراد آباد کے شہری پرامود شرما نے فراڈ کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

مذکورہ کیس میں سوناکشی سنہا پر 37 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام ہے، جس سے اداکارہ اور ان کی ٹیم انکار کرتی آ رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سوناکشی سنہا کو پرامود شرما نامی ایونٹ آرگنائیزر نے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد کردہ ایک تقریب میں پرفارمنس کرنے کے لیے 37 لاکھ روپے ادا کیے تھے مگر اداکارہ نے تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔

اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے آرگنائیزرز سے خطیر رقم لینے کے بعد ایونٹ میں شرکت ہی نہیں کی اور بعد ازاں پیسے واپس کرنے سے بھی انکار کردیا مگر اداکارہ اور ان کی ٹیم ایسے الزامات کو جھوٹا قرار دیتی آ رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024