• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم کے ریلیف پیکج کیلئے 303 ارب روپے کی منظوری

شائع March 8, 2022
اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ شوکت ترین نے کی—فوٹو: پی آئی ڈی
اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ شوکت ترین نے کی—فوٹو: پی آئی ڈی

حکومت نے 3 کھرب 3 ارب روپے کے ضمنی بجٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے ذریعے بجلی کے نرخوں میں 5 روپے فی یونٹ کمی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے انجماد کے لیے تیل کی صنعت کو جزوی ادائیگیوں اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے لیے قرضوں کی ادائیگی سمیت متعدد عوامی فلاح کے لیے مقبول اقدامات کی لاگت کو پورا کیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں کیے گئے جس میں رمضان ریلیف پیکج کے لیے 19 اشیا خورونوش پر 8 ارب 28 کروڑ روپے اور کامیاب پاکستان پروگرام سے مستفید ہونے کے خواہشمند سمندر پار پاکستانیوں کے لیے 3 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ شوکت ترین نے کی اور ای سی سی کے 12 دیگر اراکین میں سے صرف 3 نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا قوم سے خطاب، پیٹرول 10 روپے سستا، بجلی 5 روپے فی یونٹ کم کرنے کا اعلان

اہم سپلیمنٹری گرانٹس میں بجلی کے نرخوں میں 5 روپے فی یونٹ کمی کے لیے ایک کھرب 36 ارب روپے اور آئل انڈسٹری کے لیے قیمتوں کے فرق کے دعووں کی پہلے ماہ کی 20 ارب روپے کی قسط شامل ہے جس کا وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا۔

اس کے علاوہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اور اسلامی نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے بھاری قرضوں کی ادائیگی کے لیے ایک کھرب 35 ارب روپے کی منظوری دی گئی، یہ سرٹیفکیٹس روشن پاکستان اکاؤنٹ کا حصہ ہیں، جس میں ڈالر کی صورت میں 7 فیصد یا روپے میں 11 فیصد تک کا شرح منافع شامل ہے۔

ای سی سی نے 4 ماہ (مارچ سے جون) کی ریلیف مدت کے لیے بجلی کی بنیادی شرح میں 5 روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی، ریلیف پیکج کا اطلاق لائف لائن صارفین کے سوا تمام کمرشل اور گھریلو نان ٹائم آف یوز کے صارفین پر ہوگا جن کا ماہانہ 700 یونٹس تک کا استعمال ہے، اس پیکج کیلئے ایک کھرب 36 ارب روپے کاتخمینہ لگایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بجلی کے نرخ میں 5 روپے 94 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

سمری سے پتا چلتا ہے کہ حکومت ماہانہ فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی حد 3.10 روپے کرے گی جو فی الحال دسمبر 2021 کی کھپت کے حساب سے تمام صارفین پر لاگو ہے۔

جنوری کی کھپت کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے پہلے ہی 5.95 روپے فی یونٹ کو حتمی شکل دے دی تھی جس پر عمل درآمد نہیں ہوگا کیونکہ پہلے سے موجود 3.10 روپے کی فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ صارفین سے وصول کی جائے گی جبکہ بقیہ 2.85 روپے فی یونٹ سبسڈی کے طور پر بجٹ سے ادا کیا جائیں گے۔

اجلاس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر کمی کے وزیر اعظم ریلیف پیکیج کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ریفائنریز کے قیمتوں میں فرق کے دعووں (پی ڈی سیز) کی ادائیگی کے لیے وزارت توانائی کی سمری کی بھی منظوری دی گئی، مارکیٹ میں قلت کوروکنے کیلئے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اورریفائنریز کوقیمتوں میں فرق کے حوالے سے ادائیگی سبسڈی کے طورپرجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ای سی سی نے تیل کی مصنوعات کے پورٹ چارجز میں اضافے کی اجازت دے دی

ای سی سی نے کامیاب پاکستان پروگرام کے ایک نئے جزو کے طور پر کامیاب اوورسیز پروگرام (کے او پی) کی بھی منظوری دی۔ یہ نیا اقدام ممکنہ کم آمدنی والے بیرون ملک مقیم ورکرز کے لیے ہے جن کے پاس ملازمت کی مصدقہ پیشکش، ملازمت کا معاہدہ اور سفری دستاویز ہو اور وہ کامیاب پاکستان پروگرام (کے پی پی)کے تحت بلا سود قرضے حاصل کرنے کے لیے (این سی آر) کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں۔

قرض کی زیادہ سے زیادہ رقم 3 لاکھ روپے ہوگی اور روانگی کے 3 ماہ بعد قابل واپسی ہوگی۔

یہ قرض 10 ہزار 180 افراد کو فراہم کیا جائے گا جس کے لیے مالی سال 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں 3 ارب روپے کے فنڈز کا تخمینہ لگایا گیا۔

ای سی سی نے پی ایس ڈبلیو کے لیے انٹیگریٹڈ ٹیرف مینجمنٹ سسٹم کی ترقی کے لیے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2020 میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری دی۔

مزید پڑھیں: ای سی سی کا ایک مرتبہ پھر آئی پی پیز کو ادائیگی کی منظوری سے گریز

توغ فیلڈ سے ایس این جی پی ایل کو 16 ایم ایف سی ڈی گیس فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ای سی سی نے وزارت توانائی کی جانب سے پیٹرولیم کنسیشن ایگری منٹ میں ترامیم کی منظوری دی جس کے تحت گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیوٹ لمیٹڈ(جی ایچ پی ایل) کو اوجی ڈی سی ایل کے والی، جندراں ویسٹ، سارونا اور پیسوبلاک میں ورکنگ انٹرسٹ کو 2.5 فیصد تک بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024