• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شین وارن کی موت کی وجہ طبعی تھی، تھائی پولیس کی تصدیق

شائع March 7, 2022 اپ ڈیٹ March 8, 2022
شین وارن کے والد نے بتایا کہ اسپنر کے سینے میں درد رہتا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
شین وارن کے والد نے بتایا کہ اسپنر کے سینے میں درد رہتا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

تھائی لینڈ کی پولیس نے عظیم آسٹریلین اسپنر شین وارن کی لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی موت کی وجہ طبعی قرار دی ہے۔

خبر ایجنسی اے پی کے مطابق پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر کی رپورٹ شین وارن کے اہل خانہ اور آسٹریلیا کے سفارتخانے کو دی جا چکی ہے اور ان کے اہل خانہ کو اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسپنر کی موت کی وجہ طبعی تھی۔

مزید پڑھیں: کرکٹ لیجنڈ، عظیم لیگ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے

پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر جنرل سوراچاتے ہکپارن نے کہا کہ کسی لاپتہ اشیا کے حوالے سے کوئی رپورٹ نہیں ملی اور جسم پر جدوجہد کے کوئی نشان نہ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے مطابق موت کی وجہ طبعی تھی، وارن کے والد نے کہا ہے کہ شین وارن کے سینے میں درد رہتا تھا اور چھٹیوں سے واپسی پر ان کا طبی معائنہ کرانے کا ارادہ تھا۔

پولیس افسر نے واضح کیا کہ یہ قتل کی واردات نہیں ہے اور موت کی وجہ طبعی ہے۔

شین وارن گزشتہ ہفتے جمعے کو تھائی لینڈ کے شہر کوہ سیموئی میں بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: گاوسکر نے شین وارن کو عظیم ترین اسپنر ماننے سے انکار کردیا

وارن انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ شین وارن اپنے وِلا میں موجود تھے اور وہ جواب نہیں دے رہے تھے، طبی عملہ تمام کوششوں کے باوجود انہیں جانبر نہ کر سکا۔

ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہسپتال لے جایا گیا تھا اور ابتدائی جانچ کے بعد تھائی حکام نے کہا تھا کہ موت دل کا دورہ پڑنے سے واقع ہوئی۔

شین وارن کے اہلخانہ نے پیر کو جاری اپنے بیان میں کہاکہ وارن کی موت کے دن کے ساتھ ان کے ایک ایسے ڈراؤنے خواب کا اختتام ہوتا ہے جو کبھی ختم نہیں ہو گا۔

عظیم لیگ اسپنر کے والد کیتھ اور والدہ بریگیٹ نے لکھا کہ شین وارن کے بغیر مستقبل کے بارے میں سوچنا ناقابل فہم ہے، امید ہے کہ ہمارے پاس جو خوشگوار یادوں کا پہاڑ ہے وہ ہماری اس غم سے نمٹنے میں مدد کرے گا۔

مزید پڑھیں: شین وارن کا ’اسپن جادوگر‘ سے ’پلے بوائے‘ تک کا سفر

انہوں نے کہا کہ اہلخانہ نے سرکاری سطح پر آخری رسومات کی ادائیگی کی پیشکش کو قبول کر لیا ہے اور وہ خوش ہیں کہ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے ایک حصے کو ان کے بیٹے کے اعزاز میں شین وارن اسٹینڈ کا نام دیا جائے گا۔

شین وارن کے بیٹے نے لکھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ آپ نے میرے دل میں جو خلا چھوڑا ہے وہ کبھی بھر سکے گا، آپ واقعی ایک بہترین باپ اور ساتھی تھے۔

ابھی تک تھائی حکام نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا کہ شین وارن کی لاش کب آسٹریلیا روانہ کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024