جنسی استحصال پر خود کو ’قصور وار‘ سمجھتی رہی، بھاونا منن
ملیالم اور تامل فلموں کی معروف بھارتی اداکارہ 35 سالہ بھاونا منن نے کہا ہے کہ پانچ سال قبل اغوا کیے جانے اور جنسی استحصال کا نشانہ بنائے جانے پر وہ کافی عرصے تک خود کو ہی ’قصور وار‘ سمجھتی رہیں۔
حال ہی میں بھاونا منن نے برکھا دت کو دیے گئے انٹرویو میں فروری 2017 میں اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ پورے عرصے تک ان کے ساتھ کیا ہوتا رہا اور وہ کن مشکلات سے گزریں۔
بھاونا منن کے مطابق اغوا کیے جانے اور جنسی استحصال کا نشانہ بنائے جانے کے بعد اپنا کیس عدالتوں میں چلتے وقت وہ ایسا سوچتی تھیں کہ ان کی زندگی ہی ختم ہوجائے تو اچھا ہے۔
اداکارہ کے مطابق انہیں استحصال کے وقت جو تکلیف پہنچی اس سے بڑھ کر درد اور تضحیک کا سامنا انہیں کیس کا ٹرائل چلتے وقت کرنا پڑا۔
بھاونا منن کا کہنا تھا کہ کیس چلتے وقت وہ کافی عرصے تک خود کو ہی قصور وار سمجھتی رہی تھیں مگر بعد میں لوگوں کی مدد ملنے پر ان میں ہمت آئی۔
ملیالم اداکارہ نے اغوا اور جنسی استحصال کا نشانہ بننے کے بعد شوہر اور اہل خانہ کی سپورٹ ملنے کو اپنے لیے ہمت کا سبب قرار دیا اور کہا کہ اگر انہیں شوہر کی حمایت حاصل نہ ہوتی تو وہ کچھ بھی نہ کر پاتیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ سال 2020 میں ان کے کیس کے سب سے اہم دن تھے، جب 15 دن تک 7 وکلا نے ان سے جرح کی اور اس وقت انہوں نے سوچا کہ کاش ان کی زندگی ہی ختم ہوجائے۔
بھاونا منن کے مطابق 15 دن کی جرح مکمل ہوجانے پر انہوں نے خود کو سرائیور قرار دیا اور دل میں کہا کہ اب وہ مرنے سے بچ گئیں۔
انہوں نے گزشتہ پانچ سال کو اپنی زندگی کے مشکل سال قرار دیے اور کہا کہ وہ نہ صرف سوشل میڈیا سے دور رہیں بلکہ انہوں نے فلم انڈسٹری میں کام کرنا بھی چھوڑ دیا تھا۔
خیال رہے کہ بھاونا منن کو 17 فروری 2017 میں ریاست کیرالہ میں فلم کی شوٹنگ کے بعد اغوا کرکے ان کا استحصال کیا گیا تھا۔
بھاونا منن کو اغوا کیے جانے کے بعد انہیں کم از کم 6 مرد حضرات نے استحصال کا نشانہ بناکر ان کی ویڈیو بھی شوٹ کی تھی اور بعد ازاں انہوں نے اداکارہ کو چھوڑ دیا تھا۔
اداکارہ نے مذکورہ واقعے کا کیس درج کرواتے ہوئے اپنے ڈرائیور سمیت معروف ملیالم اداکار دلیپ کو بھی مرکزی ملزم نامزد کیا تھا اور ان کے خلاف اغوا، تشدد اور ریپ کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کروایا تھا۔
مذکورہ مقدمہ تاحال زیر سماعت ہے اور اداکار دلیپ اب ضمانت پر آزاد ہیں۔