• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی جس کا اظہار بلاول بھی کرچکے ہیں، شفقت محمود

شائع March 7, 2022
شفقت محمود نے کہا کہ اگلے انتخابات میں اپوزیشن کو  شکستِ فاش ہوگی — فوٹو: ڈان نیوز
شفقت محمود نے کہا کہ اگلے انتخابات میں اپوزیشن کو شکستِ فاش ہوگی — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں تو شوق سے لائیں، ان کی تحریک ناکام ہوگی جس کا اظہار بلاول بھٹو زرداری بھی کر چکے ہیں۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے تحریک عدم اعتماد کے بارے میں کہا کہ سارے چور جمع ہوگئے ہیں اور جو لوٹ مار کا پیسہ انہوں نے جمع کیا ہے اس سے وہ ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کر رہے ہیں اور جو یہ قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کو جھانسہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں اس میں انہیں ناکامی ہوگی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر کوئی شخص تحریک انصاف کو چھوڑتا ہے تو اس کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

ندیم افضل چن کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ ایک صاحب ہمارے پاس آئے تھے، اب وہ کہتے ہیں کہ میں اپنے گھر کو لوٹ گیا ہوں، جب آپ نے جانا ہی تھا تو آئے کیوں تھے، کیونکہ یہ کوئی سیاست نہیں ہے کہ آپ کبھی ادھر جائیں کبھی ادھر جائیں۔

مزید پڑھیں: شفقت محمود سے متعلق نامناسب زبان کا استعمال، عائشہ عمر طلبہ پر برہم

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو ہارس ٹریڈنگ کے بازار لگایا ہوا ہے اس میں انہیں ناکامی ہوگی، اس کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے کردیا ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہوسکتا ہے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجائے، ہوسکتا ہے ناکام ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں تو شوق سے لائیں، لیکن انہیں اس میں مکمل طور پر ناکامی ہوگی اور جس طرح سے عوام عمران خان کے ساتھ ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں کو معلوم ہوگیا ہے کہ ان کی لوٹ مار اور چوری کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص ملک سے باہر بھاگا ہوا ہے جس نے ابھی تک اپنے فلیٹس کی وضاحت نہیں دی۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو 'چھوٹا شریف' کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ ان کے نوکروں کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے نکل رہے ہیں اور آصف زرداری پوری دنیا میں کرپشن کی مثال ہے، تو یہ کب تک عوام کو لوٹیں گے اور کب تک اس ملک کی حالت مزید خراب کریں گے۔

مزید پڑھیں: بورڈ امتحانات 15 جون کے بعد ہوں گے، شفقت محمود

انہوں نے کہا کہ کبھی بھی عوام انہیں معاف نہیں کرے گی، اگلے انتخابات میں آپ دیکھیں گے انہیں شکستِ فاش ہوگی۔

گوجرانوالہ کے ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے ڈویژن میں کوئی یونیورسٹی نہیں ہے، یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے عنقریب کام شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے حافظ آباد سڑک اور چلڈرن ہسپتال سمیت گوجرانوالہ کے دیگر منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کئی سال سے حکومت کر رہے ہیں، انہوں نے گوجرانوالہ میں سڑکیں بنائیں نہ کوئی یونیورسٹی یا چلڈرن ہسپتال بنایا۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ(ن) سستی شہرت کے لیے طلبہ سے سیاست کررہی ہے، شفقت محمود

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کی صورت میں پورے ملک میں صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، سیاسی مخالفت کی وجہ سے صرف حکومت سندھ صحت کی سہولیات فراہم نہیں کر رہی ہے، باقی پورے ملک میں لوگوں کے پاس علاج کروانے کے لیے ان کی جیبوں میں 10 لاکھ روپے موجود ہیں۔

شفقت محمود نے بتایا کہ کفالت کارڈ کے ذریعے غریب شہریوں کو سستا راشن فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے یکساں تعلیمی نصاب بنایا، جو قوم بکھری ہوئی تھی اسے ہم نصاب کے ذریعے اکٹھا کریں گے اور اس میں ہمیں خاطر خواہ کامیابی ہو رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024