• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

سلامتی کونسل کا ریاستوں پر پشاور حملے کے منصوبہ سازوں کو پکڑنے میں تعاون کیلئے زور

شائع March 7, 2022
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے سخت ردِ عمل سامنے آیا—تصویر: ٹوئٹر
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے سخت ردِ عمل سامنے آیا—تصویر: ٹوئٹر

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے تمام افعال مجرمانہ اور ناقابلِ جواز ہیں چاہے ان کا محرک کچھ بھی ہو۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ساتھ ہی کونسل نے اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ممالک پر زور دیا کہ پشاور میں اہلِ تشیع کی مسجد پر ہوئے حالیے حملے کے ذمہ داران کو پکڑنے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں۔

خیال رہے کہ نمازِ جمعہ کے دوران اس حملے کے نتیجے میں کم از کم 62 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: نماز جمعہ کے دوران مسجد میں خودکش دھماکا، 56 افراد جاں بحق

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس حملے کی مذمت کرنے والے اولین لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’عبادت گاہوں کو جنت ہونا چاہیے اہداف نہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں پشاور کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہوئے ہولناک حملے کی مذمت کرتا ہوں، میری تعزیت ان کے ساتھ ہے جنہوں نے اس میں اپنے پیاروں کو کھو دیا اور پاکستان کے عوام کے ساتھ میرا اظہارِ یکجہتی ہے‘۔

امریکی محکمہ خارجہ سے بھی اسی طرح کا بیان جاری ہوا جس میں حملے کو ’ہولناک‘ قرار دیا گیا اور متاثرین کے اہلِ خانہ اور دوست احباب کے ساتھ ’دلی تعزیت‘ کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ’امریکا پاکستان کے ساتھ اظہاِ یکجہتی میں سوگوار ہے‘۔

مزید پڑھیں:’پشاور دھماکے میں ملوث ملزمان کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں، جلد گرفتاری ہوگی'

تاہم اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے سخت ردِ عمل سامنے آیا جس نے نہ صرف حملے کی مذمت اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا بلکہ بنیادی مسئلے پر بھی توجہ دی جو دہشت گردی کو جواز فراہم کرنے کے لیے مختلف مسائل کے پیچھے چھپنا ہے۔

سلامتی کونسل کے بیان میں کہا گیا کہ ’ سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہے خواہ اس کا محرک کچھ بھی ہو، جہاں بھی، جب بھی اور جس نے بھی کیا ہو۔‘

بیان پر سلامتی کونسل کے متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے موجودہ صدر لانا زکی نسیبہ کے دستخط بھی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور دیگر ذمہ داریوں کے مطابق تمام ریاستوں کی جانب سے دہشت گردی کی کارروائیوں سے پیدا ہونے والے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات کا ہر طرح سے مقابلہ کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں دھماکا

سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین ترین خطرات میں سے ایک ہے۔

بیان کے مطابق ’سلامتی کونسل کے اراکین نے دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مجرموں، منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں اور اسپانسرز کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا اور تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور دیگر تمام متعلقہ حکام کے ساتھ فعال تعاون کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024