• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

روس، یوکرین میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، انٹونی بلنکن

شائع March 7, 2022
امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے روسی حملوں کو جنگی جرائم کے مترادف قرار دیا—
امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے روسی حملوں کو جنگی جرائم کے مترادف قرار دیا—

امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کی انتہائی معتبر رپورٹس ملی ہیں کہ روس یوکرین پر کیے جانے والے حملوں میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے اور جنگی جرائم کی تحقیقات میں تنظیموں کی مدد کے لیے ان رپورٹس کو مرتب کررہا ہے۔

سی این این کے 'اسٹیٹ آف دی یونین' شو میں گفتگو کرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم نے عام شہریوں پر جان بوجھ کر کیے جانے والے حملوں کی بہت معتبر رپورٹیں دیکھی ہیں جو جنگی جرم کے مترادف ہے، ہم نے بعض ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں بہت معتبر رپورٹیں دیکھی ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکی قانون ساز کا بھارت سے روس کی مذمت کرنے کا مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت ان تمام ثبوتوں کو دستاویزی شکل دے رہے ہیں، ان سب کو ایک ساتھ مرتب کررہے ہیں، اس کو دیکھنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ لوگ اور مناسب تنظیمیں اور ادارے اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا جنگی جرائم ہوئے ہیں یا کیے جا رہے ہیں یا نہیں۔

یوکرین میں امریکی سفارت خانے نے جمعے کے روز ایک ٹوئٹ میں کہا کہ روس کی جارح افواج کے جنوب مشرقی یوکرین میں شدید لڑائی کے نتیجے میں یورپ کے سب سے بڑے جوہری پاور پلانٹ پر قبضہ کرنے کے بعد جوہری پلانٹ پر حملہ کرنا ایک جنگی جرم ہے جس سے عالمی سطح پر خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔

سی این این کے مطابق محکمہ خارجہ نے یورپ میں تمام امریکی سفارت خانوں کو ایک پیغام بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ کیف کے سفارت خانے کے اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ نہ کریں جس میں حملے کو جنگی جرم قرار دیا گیا ہے۔

روس نے 24 فروری کو شروع کی گئی مہم کو "خصوصی فوجی آپریشن" قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا یوکرین پر قبضہ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے البتہ اس حملے کے دوران وہ مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے انکار کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: روس کا شہریوں کے انخلا کیلئے یوکرین میں جزوی جنگ بندی کا اعلان

اقوام متحدہ کی تمام ریاستوں کی طرح روس اور یوکرین 1949 کے جنیوا کنونشنز کے تابع ہیں جس کے لیے جنگ میں انسانی سلوک کے قانونی معیارات متعین کیے گئے ہیں اور شہریوں پر جان بوجھ کر حملوں کو غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔

حملے کو 11 دن گزرنے کے بعد اب تک 15لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں جس کے بارے میں اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ میں مہاجرین کا سب سے تیزی سے بڑھتا ہوا بحران ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

محمد الیاس Mar 07, 2022 12:41am
اسرائیل مسلمانوں پر بمباری کرے تو امریکہ کو پیٹ میں درد کیوں نہیں اٹھتا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024