• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

رمشا خان کے ساتھ کام کرنے کے بعد پڑوسی شادی کی سلامی دینے آئے، عفان وحید

شائع March 7, 2022
لوگوں کو یقین ہوگیا کہ میں نے اور رمشا نے شادی کرلی، اداکار—فائل فوٹو: انسٹاگرام
لوگوں کو یقین ہوگیا کہ میں نے اور رمشا نے شادی کرلی، اداکار—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ڈراموں کے مقبول اداکار عفان وحید نے کہا ہے کہ اداکارہ رمشا خان کے ساتھ ڈرامے میں کام کرنے کے بعد لوگوں کو یقین ہوگیا تھا کہ ہم نے شادی کرلی ہے اور پڑوسی شادی کی سلامی لے کر پہنچ گئے تھے۔

عفان وحید نے حال ہی میں ٹی وی ون کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے کیریئر اور رومانس سے متعلق کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ وہ حادثاتی طور پر اداکار بنے تھے۔

طویل انٹرویو میں عفان وحید نے بتایا کہ نہ صرف اداکاری بلکہ انہوں نے ریڈیو جوکی (آر جے) اور پینٹنگ میں بھی حادثاتی طور پر قسمت آزمائی کی مگر انہیں سب سے زیادہ کامیابی شوبز میں ملی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے وہ حادثاتی طور پر آر جے بنے اور وہاں کچھ سال تک کام کرنے کے بعد انہوں نے پینٹنگ بھی شروع کی اور اس کا آغاز بھی اتفاقیہ تھا۔

عفان وحید نے بتایا کہ آر جے کے دوران ہی حادثاتی طور پر انہیں اداکاری کی پیش کش ہوئی اور انہوں نے پہلے ہی ڈرامے میں یمنیٰ زیدی کو بھی متعارف کرایا۔

پہلے ڈرامے میں بہن و بھائی بننے والے عفان وحید اور یمنیٰ زیدی اب جوڑے کے کردار ادا کرتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
پہلے ڈرامے میں بہن و بھائی بننے والے عفان وحید اور یمنیٰ زیدی اب جوڑے کے کردار ادا کرتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اداکار کے مطابق انہیں ہدایت کار امین اقبال نے ایک ڈرامے میں کام کی پیش کش کی جو کہ انہیں قبول کی لیکن یہ سب کچھ حادثاتی طور پر ہوا۔

عفان وحید نے بتایا کہ امین اقبال کے ڈرامے میں صبا قمر نے ان کی چچی کا کردار ادا کیا تھا جب کہ یمنیٰ زیدی نے ان کی بہن کا رول کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عفان وحید اور یمنیٰ زیدی کی ٹیلی فلم

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہی یمنیٰ زیدی کو مذکورہ ڈرامے کے ذریعے متعارف کرایا، کیوں کہ وہ انہیں بچپن سے جانتے تھے اور وہ ان کی چھوٹی بہن کی طرح ہی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ڈرامے کے کچھ عرصے بعد ایک اور دوست نے انہیں زبردستی ’تیرے پہلو میں‘ ڈرامے میں کام کرنے کے لیے منتخب کیا اور وہ یوں اداکاری میں آگئے، پھر انہیں ایک سے بڑھ کر ایک ڈرامے ملنے لگے۔

عفان وحید سے قبل یمنیٰ زیدی بھی اس بات کا اعتراف کر چکی ہیں کہ انہیں عفان نے ہی اداکاری کی دنیا میں متعارف کرایا۔

یمنیٰ زیدی بتا چکی ہیں کہ انہوں نے پہلا ڈراما آٹھویں کلاس کی تعلیم کے دوران کیا تھا اور انہیں عفان وحید نے موقع دلایا تھا۔

مزید پڑھیں: سونیا حسین اور عفان وحید ویب فلم میں ساتھ نظر آئیں گے

عفان وحید نے انٹرویو میں اپنے تعلقات سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں پر بھی بات کی اور کہا کہ ان سے متعلق ہر وقت من گھڑت خبریں پھیلائی جاتی رہتی ہیں۔

اداکار کے مطابق ان کے حوالے سے سب سے زیادہ در فشاں کے ساتھ شادی اور رومانس کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ حرا مانی ان کی بہترین دوست ہے مگر اداکارہ کے شادی شدہ ہونے کی وجہ سے ان کے ساتھ ان کے رومانس کی افواہیں نہیں پھیلائی جاتیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ’شہنائی‘ ڈرامے میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد رمشا خان اور ان کی شادی کی افواہیں پھیلائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمر، عفان وحید اور درفشاں سلیم کی ٹیلی فلم ’ہنگور‘

اداکار کے مطابق ان کی اور رمشا خان کی شادی کی خبریں اتنی پھیلائی گئیں کہ لوگوں کو یقین ہوگیا کہ ان کی شادی ہوچکی ہے اور ایک پڑوسی خاتون ان کی والدہ کے پاس شادی کی مبارک باد کے لیے پانچ ہزار روپے بھی لے کر آگئیں، جنہیں والدہ نے سمجھا کر واپس کردیا۔

عفان وحید کے مطابق زینب قیوم ان کی بہترین دوست ہیں اور ان کے درمیان کوئی تعلقات نہیں بلکہ اداکارہ خود کو ان کی نقلی والدہ قرار دیتی ہیں۔

انہوں نے زینب قیوم کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب سے بہترین اور مثبت شخصیت کی مالک ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024