• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فراڈ کے پرانے مقدمے میں سوناکشی سنہا کے وارنٹ گرفتاری جاری

شائع March 6, 2022
اداکارہ کے خلاف مراد آباد میں مقدمہ بھی دائر ہے—اسکرین شاٹ
اداکارہ کے خلاف مراد آباد میں مقدمہ بھی دائر ہے—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی ’دبنگ گرل‘ سوناکشی سنہا کے خلاف فراڈ کے پرانے کیس میں بھارت کی مقامی عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ لائف‘ کے مطابق سوناکشی سنہا کے خلاف دائر پرانے مقدمے کے تحت ریاست اتر پردیش کی مقامی عدالت نے ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

مراد آباد کی عدالت نے مسلسل غیر حاضر رہنے پر اداکارہ کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے، اداکارہ کو مراد آباد میں پولیس کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کروانا تھا۔

سوناکشی سنہا کے خلاف پہلے ہی مراد آباد پولیس اسٹیشن میں فراڈ کا مقدمہ دائر کیا جا چکا ہے، ان کے خلاف 2019 میں دو مقدمات دائر کیے گئے تھے۔

اداکارہ کے خلاف 2019 میں فراڈ کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے خلاف 2019 میں فراڈ کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

’انڈیا ڈاٹ کام‘ کے مطابق سوناکشی سنہا کے خلاف مراد آباد کے شہری پرامود شرما نے فراڈ کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

مذکورہ کیس میں سوناکشی سنہا پر 37 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام ہے، جس سے اداکارہ اور ان کی ٹیم انکار کرتی آ رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سوناکشی سنہا کو پرامود شرما نامی ایونٹ آرگنائیزر نے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد کردہ ایک تقریب میں پرفارمنس کرنے کے لیے 37 لاکھ روپے ادا کیے تھے مگر اداکارہ نے تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔

اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے پیسے لینے کے باوجود ایونٹ میں شرکت نہیں کی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے پیسے لینے کے باوجود ایونٹ میں شرکت نہیں کی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے آرگنائیزرز سے خطیر رقم لینے کے بعد ایونٹ میں شرکت ہی نہیں کی اور بعد ازاں پیسے واپس کرنے سے بھی انکار کردیا مگر اداکارہ اور ان کی ٹیم ایسے الزامات کو جھوٹا قرار دیتی آ رہی ہے۔

اب اداکارہ کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے، جس کے بعد انہیں ہر حال میں گرفتاری سے قبل عدالت میں پیش ہوکر ضمانت کروانا پڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سوناکشی سنہا پر دھوکا دہی کا مقدمہ درج

سوناکشی سنہا سے قبل بھی دیگر متعدد شوبز شخصیات کے خلاف اسی طرح کے کیسز دائر ہو چکے ہیں اور ان پر ایسے الزامات لگتے رہے ہیں کہ وہ پیسے لینے کے باوجود ایونٹ میں شرکت نہیں کرتیں۔

دوسری جانب سوناکشی سنہا نے تاحال اپنے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024