• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیر اعظم کی آئی ٹی سیکٹر کیلئے اعلان کردہ مراعات کے بروقت نفاذ کی ہدایت

شائع March 5, 2022
وزیراعظم نے کہا کہ باصلاحیت فری لانسرز کو سہولت فراہم کرنے سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا — فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم نے کہا کہ باصلاحیت فری لانسرز کو سہولت فراہم کرنے سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ حکومت کی جانب سے فری لانسرز اور آئی ٹی انڈسٹری کے لیے اعلان کردہ مراعات اور سہولیات پر مقررہ وقت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ڈان اخبار میں سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق آئی ٹی کے شعبے کو فراہم کی جانے والی مراعات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ان شعبوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کر رہی ہے جن میں قومی معیشت کو سہارا دینے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔

حکومت کی جانب سے آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لیے اعلان کردہ تاریخی پیکج کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاروباری شعبے کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے آئی ٹی کے فری لانسرز کیلئے ٹیکس کی شرح صفر کردی

انہوں نے کہا کہ باصلاحیت فری لانسرز کو سہولت فراہم کرنے سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا کیونکہ آئی ٹی برآمدات کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس کے شرکا کو اسٹارٹ اپس، صنعتی شعبے اور آئی ٹی کمپنیوں کے لیے مراعات کے نفاذ کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

شرکا کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ صنعتوں اور آئی ٹی پیکج پر عملدرآمد تیزی کے ساتھ جاری ہے اور حکومتی اقدامات کے نتیجے میں فری لانسرز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک سبزیاں،گندم کی برآمدات سے ترقی نہیں کرسکتا، صنعتکاری کو فروغ دینا ہوگا، وزیراعظم

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ پورٹل کے ذریعے فری لانسرز کی ون اسٹیپ رجسٹریشن کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے وہ خود بخود فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں رجسٹر ہو جائیں گے۔

مزید برآں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) بھی بیرون ملک سے فری لانسنگ رقوم کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے بینکنگ چینلز کے ذریعے اقدامات کر رہا ہے۔

اس کے علاوہ آئی ٹی کمپنیوں کے لیے ٹیکس چھوٹ سے فائدہ اٹھانے کا طریقہ کار بھی بہت جلد وضع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’فری لانسرز کی مدد کیجیے، ان پر ٹیکس لگاکر مسائل نہ بڑھائیں‘

اعلان کردہ سہولیات کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے تجارتی بینکوں کے ذریعے آگاہی کا نظام بھی شروع کیا جائے گا۔

دریں اثنا وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کو بریفنگ دی گئی کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (این اے وی ٹی ٹی سی) نے اب تک 74 ہزار 737 افراد کو جدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں تربیت دی ہے۔

بیان کے مطابق اسد عمر، وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت اسکلز فار آل (ہنر سب کے لیے) کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024