• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’صدی میں ایک بار پیدا ہونے والا کرکٹر‘، شین وارن کے انتقال پر کرکٹ برادری کا اظہار افسوس

شائع March 4, 2022
دنیا بھر کے کرکٹرز نے 52سال کی عمر میں انتقال کر جانے والے سابق لیگ اسپنر کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا— فوٹو بشکریہ کرکٹ آسٹریلیا
دنیا بھر کے کرکٹرز نے 52سال کی عمر میں انتقال کر جانے والے سابق لیگ اسپنر کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا— فوٹو بشکریہ کرکٹ آسٹریلیا

عظیم آسٹریلین لیگ اسپنر شین وارن 52سال کی عمر میں انتقال کر گئے جس پر کرکٹ برادری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شین وارن جمعہ کو تھائی لینڈ کے شہر کوہ سیموئی میں بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کے کرکٹ لیجنڈ، عظیم لیگ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے

وارن کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شین وارن اپنے وِلا میں موجود تھے اور وہ جواب نہیں دے رہے تھے، طبی عملہ تمام کوششوں کے باوجود انہیں جانبر نہ کر سکا۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ اپنے دوست وارن کی اچانک موت کی خبر سن کر شدید دھچکا لگا اور بہت افسوس ہوا، وہ مجھ سے مسلسل رابطے میں تھے اور بہت مدد کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مثالی باؤلر کے ساتھ ساتھ بھرپور تفریح بھی فراہم کرتے تھے اور میں ان کے اہلخانہ اور دوستوں سے تعزیت کرتا ہوں۔

عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے بھی انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کمی محسوس ہو گی، میدان کے اندر یا باہر آپ جب بھی ساتھ ہوتے تو کبھی بھی افسردگی نہیں ہوتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں آپ کا ایک خاص مقام تھا اور بھارتیوں کے دل میں بھی آپ کے لیے ایک خصوصی مقام تھا۔

پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس نے کہا کہ مجھے یہ خبر سن کر یقین نہیں ہو رہا، یہ کرکٹ برادری کے لیے انتہائی مایوس کن دن ہے، میری نسل کا سب سے بڑا سپراسٹار چل بسا ہے۔

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے وارن کو کرکٹ کی گیند کو بہترین انداز میں ٹرن کرنے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندگی انتہائی غیرمتوقع ہے، میں اپنے اس عظیم کھیل اور ایک ایسے شخص کے گزرنے پر کچھ بھی کہنے سے قاصر ہوں جس کو میں میدان سے باہر بھی جانتا ہوں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے متیاہ مرلی دھرن نے بھی شین وارن کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لیگ اسپن کے فن کو زندہ کیا۔

انہوں نے لیگ اسپنر کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں آنے والے سونامی کے بعد آگاہی اور تعمیراتی کام میں کردار ادا کرنے پر بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

دنیا کے تیز ترین سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا کہ مجھے ابھی عظیم شین وارن کے انتقال کی خبر ملی اور میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں اس صدمے کو بیان کر سکوں۔

پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے لیے موجود آسٹریلین ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے شین وارن کو عظیم اور صدی میں ایک بار پیدا ہونے والا کرکٹر قرار دیا۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسکواڈ میں آج بھی کئی کھلاڑی انہیں اپنا ہیرو مانتے ہیں، چین وارن کے عالمی افق پر آنے کے بعد کھیل پہلے جیسا نہ رہا اور اب ان کے گزر جانے کے بعد بھی کبھی ویسا نہیں رہے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی شین وارن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی محسوس ہو گی اور ان کے بغیر کرکٹ غریب ہو جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024