• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم کو پانچ دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں، ورنہ اسلام آباد پہنچ کر خود بندوبست کریں گے، بلاول

شائع March 3, 2022
بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم کو استعفیٰ دینے کے لیے پانچ دن کی ڈیڈ لائن دے دی — فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم کو استعفیٰ دینے کے لیے پانچ دن کی ڈیڈ لائن دے دی — فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم کو مستعفی ہونے کے لیے 5 دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان نے پانچ دن میں استعفیٰ نہ دیا تو ہم اسلام آباد پہنچ کر تحریک عدم اعتماد لائیں گے اور ان کا خود بندوبست کریں گے۔

بہاولپور کی تحصیل احمدپور شرقیہ کے مقام چنی گوٹھ میں مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ جب پیٹرول مہنگا ہوتا ہے تو اس کا مطلب وزیر اعظم چور ہے، بجلی مہنگی ہو تو مطلب وزیر اعظم چور ہے، یہ تو ہر کسی پر چور چور کا الزام لگاتے تھے لیکن یہ خود تاریخی چور نکلے۔

مزید پڑھیں: ہم جیب میں عدم اعتماد لے کر اسلام آباد کی جانب بڑھ رہے ہیں، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں جتنی کرپشن ان تین سالوں میں ہوئی ہے، کسی اور حکومت میں اتنی کرپشن نہیں ہوئی، اس نے تو آپ کی جیب، پیٹ اور ووٹ پر ڈاکا مارا ہے، اب ہمیں اس سے حساب لینا ہے اور جیالے اس کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ سے حساب لینے نکلے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا قومی اسمبلی میں تمام اراکین اسمبلی سے مطالبہ ہے کہ انہیں عدم اعتماد میں پاکستان کے عوام کا ساتھ دینا ہے، اگر تحریک انصاف کے اراکین اور اتحادی تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دیتے ہیں اور کٹھ پتلی کا ساتھ نہیں دیتے تو پھر شاید ان کے تین سال کے گناہ معاف کر دیے جائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ان کو ہٹا کر انتخابی اصلاحات کرنے کے بعد صاف اور شفاف الیکشن کرائیں گے تاکہ آپ اپنا نمائندہ چنیں، میرے نمائندے کو منتخب کرا دیں تاکہ ہم عوامی حکومت بنا کر عوام کے مسائل حل کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کرنا ہے، آپ سے جو بھی وعدے کیے گئے ہم مل کر ان کو پورا کریں گے۔

پیپلز پارٹی چیئرمین نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اسی طرح ہمارا ساتھ دیں تو اسلام آباد پہنچنے سے پہلے خوشخبری آئے گی، ہم تو عمران خان کو کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کے عوام آپ کو وزیر اعظم نہیں دیکھنا چاہتے، آپ سے چھٹکارا چاہتے ہیں، آپ عوام کا یہ مطالبہ خود مان لیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کے خاتمے کے لیے جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہیں، بلاول بھٹو

انہوں نے وزیر اعظم کو پانچ دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ میں غیرت اور ہمت ہے تو آپ پانچ دن میں خود مستعفی ہو جائیں، اسمبلی توڑ کر الیکشن کرائیں اور ہمارا مقابلہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ خود استعفیٰ نہیں دیتے تو پانچ دن بعد ہم اسلام آباد پہنچ کر عدم اعتماد لائیں گے اور اس وقت تک ہمارے نمبرز پورے ہو چکے ہوں گے، ہم عدم اعتماد لائیں گے اور آپ کا بندوبست خود کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024