• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

بلوچستان: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عہدے سے دوبارہ مستعفی

شائع March 3, 2022
سردار رند نے مستعفی ہونے کا انکشاف نجی چینل کے ایک پروگرام میں کیا—فائل فوٹو:اےپی پی
سردار رند نے مستعفی ہونے کا انکشاف نجی چینل کے ایک پروگرام میں کیا—فائل فوٹو:اےپی پی

بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی رہنما سردار یار محمد رند نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے توانائی و قدرتی وسائل بلوچستان کے عہدے سےاستعفیٰ دے دیا۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل رہنما نے یہ ہی اقدام وزیر اعظم کی یقینی دہانی پر واپس لیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے سردار یار رند کے ترجمان بابر یوسف زئی نے بتایا کہ انہوں نے دو روز قبل وزیر اعظم عمران خان کو استعفیٰ بھیجا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سردار رند نے مستعفی ہونے کا انکشاف نجی چینل کے ایک پروگرام میں کیا۔

مزیدپڑھیں: وزیر تعلیم بلوچستان یار محمد رند نے استعفیٰ دے دیا

پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے انہیں تین سال قبل معاون خصوصی کے عہدے پر تعینات کیا تھا، لیکن وزیر اعظم اور متعلقہ وزرا نے ان سے کوئی مشاورت کی نہ ہی انہیں مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے کسی بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا۔

سردار یار رند نے نجی چینل کو بتایا کہ انہوں نے دوسری بار اپنے عہدے سےاستعفیٰ دیا ہے، اس سے قبل انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کی یقینی دہانی کے بعد واپس لے لیا تھا۔

پارلیمانی رہنما کی جانب سے استعفیٰ بھیجے دو روز گزر چکے ہیں، تاہم اس مرتبہ وزیر اعظم عمران خان نے فیصلے پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:یار محمد رند کی وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہونے کی دھمکی

بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی رہنما اس سے قبل جام کمال کی کابینہ میں وزیر تعلیم کے عہدے سے بھی مستعفی ہوچکے ہیں۔

اس وقت انہوں نے وزیراعلیٰ سے اختلافات کے سبب عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم بعد ازاں ان کی اور ان کی کابینہ کے اراکین کی درخواست پر استعفیٰ واپس لے لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024