• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ڈیوڈ ولی اور ٹم ڈیوڈ نے مجھ سے ہمارے دین کے بارے میں سوالات کیے، رضوان

شائع March 2, 2022
محمد رضوان نے کہا کہ گورے جب ہم سے ہمارے دین کے بارے میں پوچھتے ہیں تو ان کو سکون ملتا ہے— فائل فوٹو: پی ایس ایل
محمد رضوان نے کہا کہ گورے جب ہم سے ہمارے دین کے بارے میں پوچھتے ہیں تو ان کو سکون ملتا ہے— فائل فوٹو: پی ایس ایل

قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے دین پر شرمانا نہیں چاہیے بلکہ فخر کرنا چاہیے اور پاکستان سپر لیگ میں ٹم ڈیوڈ اور ڈیوڈ ولی نے مجھ سے میرے دین کے بارے میں سوالات کیے۔

برطانوی اردو ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے آسٹریلین فاسٹ باؤلر جوش ہیزل وُڈ کو سب سے مشکل باؤلر قرار دیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کے منافع میں ریکارڈ 71 فیصد اضافہ

انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلرز میں مجھے ہیزل وُڈ مشکل لگے ہیں جبکہ کیریئر کے ابتدائی دور میں ڈومیسٹک کرکٹ میں اسپنر ذوالفقار بابر مشکل لگتے تھے، اس کے بعد بنگلہ دیشی اسپنر شکیب الحسن بھی مشکل لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی بھی قربانی کے بغیر نمبر ایک نہیں بن سکتا، ایسا نہیں ہو سکتا کہ میں انڈر 16 سے براہ راست قومی ٹیم میں کھیل لوں، ایسی صورت میں مجھے درمیان کی مشکلات کا پتا ہی نہیں ہوگا اور کل کو کوئی بچہ مجھ سے پوچھے گا تو میں اسے نہیں بتا سکوں گا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کے کپتان نے مزید کہا کہ جب مجھ پر مشکلات آئیں گی تو مجھے تجربہ ملے گا اور اسی تجربے سے آدمی کامیاب انسان بنتا ہے، البتہ سب سے اہم چیز یہ ہے کہ آپ کا یقین کتنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں رضوان نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمیں اپنے دین پر شرمانا نہیں چاہیے اور نبی اکرمﷺ اور دین کے طریقوں پر فخر کرنا چاہیے کیونکہ گورے جب ہم سے اس بارے میں پوچھتے ہیں تو ان کو سکون ملتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت سے آسٹریلین کرکٹر کو جان سے مارنے کی دھمکی، دورہ پاکستان کے خلاف سازش ناکام

انہوں نے کہا کہ ہم مسلمانوں کو گوروں کے سامنے نماز پڑھتے اور اذان دیتے ہوئے عجیب لگتا ہے کہ یہ لوگوں کے سامنے کیا کر رہا ہے لیکن ان گوروں سے پوچھیں کہ جب ہم یہ کر رہے ہوتے ہیں تو انہیں سکون مل رہا ہوتا ہے اور وہ ہم سے پوچھ رہے ہوتے ہیں۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان نے اس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ٹم ڈیوڈ اور ڈیوڈ ولی نے مجھ سے دین کے بارے میں کئی سوالات کیے، یہاں تک کہ جو سجدے کی وجہ سے پیر پر نشان بن جاتا ہے تو اس بارے میں بھی ڈیوڈ ولی نے مجھ سے پوچھا کہ کیا یہ نماز کی وجہ سے بنا ہے، انہیں ہمارے دین سے لگاؤ ہے لیکن ہمیں سب کے سامنے کرنے میں شرم آتی ہے۔

انہوں نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ آپ ہماری کرکٹ ٹیم کے بارے میں اچھی امید رکھیں اور اگر ہم بیٹنگ کر رہے ہوں تو دل میں یہ ڈر نہیں لائیں کہ یہ آؤٹ ہو جائے گا، ہمارے باؤلر کے بارے میں بھی ایسا نہ سوچیں کیونکہ وہ بہت بہادر باؤلرز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام پاکستانی دنیا میں نمبر ایک بننے کی کوشش کریں، جب ہم سب مل کر نمبر ایک کا سوچیں گے تو ہماری پاکستانی قوم نمبر ایک بن ہی جائے گی۔

واضح رہے کہ محمد رضوان کی کارکردگی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ نکھار آتا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: رضوان سال کی بہترین پی ایس ایل ٹیم کے کپتان مقرر

ان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے پچھلے سال پاکستان سپر لیگ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ گزشتہ سال انہوں نے کئی ریکارڈ پاش پاش کرتے ہوئے انٹرنیشنل ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔

اس سال ملتان سلطانز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں اپنے اعزاز کا دفاع تو نہ کر سکی لیکن محمد رضوان اپنی شاندار بیٹنگ اور عمدہ انداز قیادت سے ایونٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز جیتنے میں کامیاب رہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024