کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی
نیشنل الیکٹرانک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے جنوری کی فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ کی مد بجلی 2 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 5 روپے کمی کے اعلان کے بعد اسے نافذ کرنے کے حوالے سے انتظامیہ تذبذب کا شکار ہے
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک کی جانب سے دی گئی 3 روپے 40 پیسے اضافے کی درخواست کی سماعت نیپرا کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی نے کی۔
مزید پڑھیں: کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 59 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان
دوران سماعت ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے لیکن یہ بات ابھی واضح نہیں کہ اسے کسی طرح نافذ کیا جائے گا۔
توصیف ایچ فاروقی کا کہنا تھا کہ نیپرا اس معاملے کو دیکھ رہا ہے اور ریلیف فراہم کرنے کے طریقہ کار کے حوالے سے وضاحت کے لیے جلد وزیر توانائی اور سیکریٹری توانائی کے ساتھ اجلاس کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل غور ہے کہ ایندھن کی لاگت کی ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) 5 روپے سے کم ہونے پر صارفین کو کس طرح ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 4 روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان
نیپرا کا کہنا تھا کہ ظاہر ہوتا ہے کہ کے الیکٹرک کو درپیش گیس کے چیلنجز جلد ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں اور متبادل ایندھن کے مرکب کے فراہم کردہ اعداد و شمار کی بنیادی پر ریگولیٹر کے پاس صارفین سے غلط رقم وصول کرنے کی اجازت نہ دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
مذکورہ ایڈجسمنٹ کے بعد ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کا ایف سی اے تقریباً 2ارب 90 کروڑ روپے بن رہا ہے۔