• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارت سے آسٹریلین کرکٹر کو جان سے مارنے کی دھمکی، دورہ پاکستان کے خلاف سازش ناکام

شائع February 28, 2022
ایشٹن ایگار کی پارٹنر کو میسج بھیج کر پاکستان جانے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی
ایشٹن ایگار کی پارٹنر کو میسج بھیج کر پاکستان جانے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کی ٹیم کے دورہ پاکستان کو منسوخ کرانے کی سازش ناکامی سے دوچار ہو گئی ہے اور کرکٹ آسٹریلیا، پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومتی سیکیورٹی ایجنسیوں نے آسٹریلین کرکٹر کو دورے کے حوالے سے دی جانے والی دھمکیوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

آسٹریلین خبر رساں ادارے سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق آسٹریلین اسپنر ایشٹن ایگار کی پارٹنر میڈیلین کو سوشل میڈیا پر ایک پیغام بھیجا گیا تھا جس کے بارے میں فوری طور پر کرکٹ آسٹریلیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتا دیا گیا۔

مزید پڑھیں: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان پہنچ گئی

ٹیم کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ایشٹن ایگار کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی لیکن ٹیم سیکیورٹی نے اس معاملے کی تحقیقات کی اور وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ دھمکی محض ایک سازش ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ دھمکی ایک جعلی انسٹاگرام اکاؤنٹ سے دی گئی جسے بھارت میں بیٹھ کر بنایا گیا تھا اور یہ واضح ہے کہ اس کا مقصد دو دہائی کے بعد ہونے والے آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان کو ناکام بنانا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے دھمکی دی گئی تھی البتہ گورننگ باڈی نے کہا ہے کہ یہ خطرہ نہیں ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کرکٹ آسٹریلیا سوشل میڈیا پوسٹ سے باخبر ہے اور پی سی بی، کرکٹ آسٹریلیا اور دونوں حکومتوں کے سیکیورٹی ادارے اس کے مواد اور نوعیت کے بارے میں تصدیق کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حسن اور فہیم انجری کے سبب آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کے لیے وسیع پیمانے پر سیکیورٹی منصوبے بنائے گئے ہیں تاہم اس معاملے میں اسے خطرہ تصور نہیں کرنا چاہیے۔

ایشٹن ایگار کی اہلیہ کو بھیجے گئے پیغام کے متن میں کہا گیا کہ یہ آپ کے شوہر ایشٹن ایگار کے لیے وارننگ ہے کہ اگر وہ پاکستان کے دورے پر آئے تو زندہ واپس نہیں جا سکیں گے۔

مذکورہ پیغام میں ایشٹن ایگار کے بچوں کا بھی حوالہ دیا گیا حالانکہ ان کے کوئی بچے نہیں ہیں۔

نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے بعد آسٹریلین ٹیم پہلے ہی اس طرح کی سازش کے لیے تیار تھی۔

مزید پڑھیں: پیٹ کمنز کا دورہ پاکستان کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان

دونوں ملکوں کی سیکیورٹی ایجنسی اور کرکٹ بورڈ اس طرح کے پیغامات کے لیے پہلے سے تیار اور انہوں نے کھلاڑیوں اور ان کے اہلخانہ کو نشانہ بنانے والے اس طرح کے پیغامات کے لیے باضابطہ طور پر طریقہ کار وضع کیا تھا۔

آسٹریلین اخبار کے مطابق ان میسیجز کے باوجود ایشٹن ایگار سیریز کے لیے بہت پرجوش ہیں اور پاکستان میں سیکیورٹی انتظامت پر انہوں نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 1998 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آئی ہے۔

آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا آغاز چار مارچ سے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ سے ہو گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان مزید دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: دورۂ پاکستان کیلئے آسٹریلیا کے ٹی20 اور ون ڈے اسکواڈ کا اعلان

ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں بھی مدمقابل ہوں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024