• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ہماری مسلح افواج ہر سطح پر جارحیت کا جواب دے کر غالب رہیں گی، وزیراعظم

شائع February 27, 2022
وزیراعظم  نے کہا کہ اپنے ملک اور قوم کی سلامتی کے لیے ہم اپنے عہد میں پرعزم اور غیر متزلزل ہیں۔—فائل فوٹو: فیس بک عمران خان
وزیراعظم نے کہا کہ اپنے ملک اور قوم کی سلامتی کے لیے ہم اپنے عہد میں پرعزم اور غیر متزلزل ہیں۔—فائل فوٹو: فیس بک عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 27 فروری 2019 کو ہم نے بتایا کہ قوم کی حمایت یافتہ ہماری مسلح افواج ہر سطح پر جارحیت کا جواب دیں گی اور غالب رہیں گی۔

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 3 سال مکمل ہونے پروزیراعظم عمران خان، ڈی جی آئی ایس پر آر اور دفتر خارجہ کی جانب سے بیانات جاری کیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ میں ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہوں لیکن اسے کبھی بھی کمزوری کی علامت نہیں سمجھنا چاہیے، جیسا کہ ہم نے 27 فروری 2019 کو بھارت کو دکھایا جب اس نے ہم پر حملہ کرنے کا سوچا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ملک اور اپنی قوم کی سلامتی کے لیے ہم اپنے عہد میں پرعزم اور غیر متزلزل ہیں۔

پاکستان کا جواب دفاعِ وطن کیلئے افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 'آج آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 3 سال مکمل ہوگئے ہیں جب پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی ناکام مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا تھا'۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 3 سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ (ڈی جی آئی اسی پی آر) میجر جنرل بابر افتخارکی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا۔

انہوں نے لکھا کہ بھارتی فائٹر ایئر کرافٹ کو مار گرانے میں پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کی کامیابیاں، پاک بحریہ کی جانب سے سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگانا اور ایل او سی پر پاک فوج کا شاندار جواب وطن کے دفاع کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان امن کیلئے کھڑا ہے، للکارا گیا تو پوری قوت سے جواب دیں گے، ترجمان پاک فوج

پیغام میں کہا گیا کہ مشکل حالات میں کامیابی کا تعین صرف ہتھیار یا افرادی قوت ہی نہیں بلکہ قوم کا عزم اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاری کرتی ہے، پاکستان زندہ باد۔

امن کی خواہش کے ساتھ اپنے دفاع کیلئے مضبوط عزم اور صلاحیت بھی رکھتے ہیں، دفتر خارجہ

27 فروری کے تاریخی دن کے حوالے سے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، آج اپنی علاقائی فضائی حدود کے اندر بھارت کے ناکام فوجی فضائی حملوں کے خلاف پاکستان کے مثالی ردعمل کو 3 سال مکمل ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی سراسر خلاف ورزی کرتے ہوئے 26 فروری 2019 کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور پاکستانی حدود میں فضائی حملہ کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری کو پامال کرنے کی ناکام کوشش کو ہماری بہادر مسلح افواج نے فوری ناکام بنا دیا، پاکستان نے نہ صرف عزم کے ساتھ اپنی خودمختاری کا تحفظ کیا بلکہ انتہائی تحمل کا بھی مظاہرہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے یاددہانی کرائی کہ 27 فروری 2019 کو ایک بار پھر 2 بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، ان دونوں طیاروں کو پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے مار گرایا، گرائے گئے طیارے میں سے ایک کے پکڑے گئے پائلٹ کو بعد میں جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارت واپس کر دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کا حامی ہے، لیکن امن کی خواہش کے ساتھ ہمارے پاس اپنے دفاع کے لیے مضبوط عزم اور صلاحیت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 فروری بھارت کے لیے ایک سبق بھی ہے کہ اس کی کوئی بھی عسکریت پسندی اور جنگی جنون کا مناسب جواب دیاجائے گا، اس کے علاوہ بھارت کو فروری 2019 میں اپنے غیرذمہ دارانہ طرز عمل کے نتائج کو ذہن میں رکھنا چاہیے اور مستقبل میں ایسی کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور عوام کسی بھی جارحیت کے خلاف ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج جب ہم اس دن کی یاد منا رہے ہیں، ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کے لیے اپنے عزم پر زور دیتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مزید تاخیر کے بغیر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔

آج کا دن ہمارے لیے سبق ہے کہ ہم اپنی تیاری پوری رکھیں، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بھی دفاع وطن کے لیے افواج پاکستان کو خراج تحسین ہیش کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے سبق ہے کہ ہم اپنی پوری تیاری رکھیں، مضبوط معیشت، دفاع اور قومی یک جہتی ہمارے دفاعی حصار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش لیکن قابل فخر دن ہے، آج کے دن پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم سے جو ٹکرائے گا ، پاش پاش ہوجائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس دن اللہ تعالی نے پاکستان کو فتح سے سربلند کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بالاکوٹ کی بھارتی جارحیت نے جنوبی ایشیا اور دنیا کے امن وخطرے سے دوچار کیا، نپی تلی مؤثر جوابی کارروائی سے پاکستان نے ذمہ دار، خودمختار ملک ہونے اور اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فضائیہ اور اپنے شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے دانت کھٹے کئے، پاکستان کی افواج نے دنیا کو دکھایا کہ ہماری امن پسندی ہماری کمزور نہیں

ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان شیر دلیر اورجذبہ ایمانی سے لیس ہیں، پوری قوم اپنے شیروں کے ساتھ ہے، بھارتی طیارے مارگرانے اور پیشہ وارانہ قابلیت کا لوہا منوانے والے جانباز شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ قوم بھی خراج تحسین کی مستحق ہے جس نےے اپنے آہنی ولولے، جذبے اوربے مثال اتحادسے اس دن کو تاریخ کا سنہرا دن بنادیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، دفاع اور ہر بیرونی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان ایک تھا، ہے اور رہے گا۔

تاریخی دن

واضح رہے کہ27 فروری 2019 تاریخ کا وہ دن ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو یہ بتایا تھا کہ مملکت خداداد کے دفاع کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

سال 2019 میں 27 فروری کو پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور ان کا پائلٹ ابھی نندن بھی گرفتار کرلیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ نے 'آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ' کو 2 برس مکمل ہونے پر نغمہ جاری کردیا

فضائی معرکے میں نئی تاریخ رقم کرنے سے متعلق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا تھا کہ پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں گرا اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا تھا کہ پاک فوج نے ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار بھی کرلیا تھا۔

بعد ازاں حکومتِ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے گرائے گئے طیارے کے گرفتار پائلٹ کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں بھارتی پائلٹ نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارتی فضائیہ کا افسر ہوں‘ اور ان کا سروس نمبر 27981 ہے تاہم ویڈیو میں انہوں نے مزید معلومات فراہم کرنے سے انکار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بھارتی جارحیت کا جواب، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے یاد رکھا جائے گا‘

گرفتار بھارتی پائلٹ کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں ابھی نندن نے مشتعل ہجوم سے بچانے پر پاک فوج کے کیپٹن اور جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے رویے کی تعریف کی تھی۔

بھارتی فضائیہ کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اور ان کے پائلٹ کی گرفتاری کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ہم امن کے لیے بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کردیں گے۔

جس کے بعد یکم مارچ 2019 کو پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کو گرانے کے بعد گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو تمام کاغذی کارروائی کے بعد واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا اور وہ واپس اپنے ملک پہنچ گئے تھے۔

بعد ازاں مئی میں ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے اعلان کیا تھا کہ 27 فروی کو بھارتی دراندازی پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کا جواب تاریخ میں ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024