غریب کو مہنگائی سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، وزیراعظم
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے غریبوں کو بچانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کی صورتحال سے متعلق ایک اجلاس کے دوران کہا ہے کہ وبائی امراض کے باعث پیدا ہونے والے بحران کے دوران عام شہری کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کے دورہ روس اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:'عمران خان اکیلا کرپشن سے نہیں لڑسکتا'
اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت ترین، فواد چوہدری، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، حماد اظہر اور وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ روس اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی معیشت شدید متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر پہنچادی ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو احساس پروگرام کے تحت شروع کیے گئے مختلف منصوبوں کے ساتھ اس پر عمل درآمد میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اٹھائے گئے کچھ اصلاحی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
تعمیل کا نظام
دوسرے اجلاس کے دروان وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کی ترقی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔
مزید پڑھیں:’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘، کورونا ویکسین کیلئے امیر غریب نہیں دیکھا جائے گا، وزیراعظم
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) نظام کی جگہ ’تعمیل کا نظام' متعارف کرایا ہے۔
اجلاس کے دوران صنعتی شعبے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران ملک میں ملازمتیں پیدا کرنے سے متعلق معاملے پر توجہ دی گئی، اور غربت کے خاتمے سے متعلق بھی طویل گفتگو کی گئی ۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا وہ سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنائیں تاکہ صنعت کاری میں تیزی آئے۔
انہوں نے وزارت خزانہ، بورڈ آف انوسٹمنٹ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، اسٹیٹ بینک اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو صنعتی ترقی کو فروغ دینے والے ماحول کے قیام کے لیے مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔
معروف صنعتکار میاں انجم نثار اور محمد عرفان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:ملک میں غربت کی بڑی وجہ ملک میں 2 خاندانوں کی حکمرانی ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد ہی رکی ہوئی ترقی کو بحال کرنے کے لیے ضلعی سطح پر ایک پروگرام شروع کرے گی۔
اس موقعے پر وزیراعظم نے صحت سے متعلق جاری منصوبوں اور اقدامات پر ترجیحی بنیادوں پر اطلاق کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعظم کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، ہیلتھ کارڈ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، ہیلتھ کارڈ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔