یوکرین پر حملہ، یوئیفا نے روس سے چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی واپس لے لی
یورپ میں فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے یوکرین پر حملہ کرنے کی وجہ سے روس سے چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی واپس لے لی ہے اور اس کی جگہ اب فرانس فائنل کی میزبانی کرے گا۔
روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ کو یوئیفا چیمپیئن لیگ 2022 کے ایونٹ کی میزبانی سونپی گئی تھی لیکن یوکرین پر روس کے حملے کے بعد یوئیفا نے میزبانی واپس لے لی ہے۔
مزید پڑھیں: روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نہیں کر سکے گا، برطانیہ
آج ہونے والے ایک ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب ٹورنامنٹ کے فائنل کی میزبانی 28 مارچ کو پیرس کا اسٹیڈے ڈے فرانس کرے گا۔
یوئیفا نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ یوئیفا اس سلسلے میں تعاون پر فرانس کے عوام اور صدر ایمینوئل میکرون کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے جن کی مدد کی بدولت اس غیرمعمولی بحران میں فائنل کے انعقاد پر رضامندی ظاہر کی۔
ادھر روسی حکومت نے یوئیفا کے اس اقدام کو شرمناک قرار دیا ہے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوو نے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ اس طرح کا فیصلہ لیا گیا اور سینٹ پیٹرز برگ فٹبال ایونٹ کے لیے ہر ممکن بہتر سہولیات فراہم کرے گا۔ یہ فائنل گیزپروم ارینا میں کھیلا جانا تھا جو اس سے قبل یورپیئن چیمپیئن شپ اور 2018 فیفا ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کر چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹ کمنز کا دورہ پاکستان کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان
یہ لگاتار تیسرا سل ہے کہ یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے فائنل کا مقام تبدیل کیا گیا ہے جہاں اس سے قبل گزشتہ دونوں سال کووڈ-19 کی وجہ سے ایونٹ کے فائنل کو بالترتیب استنبول سے لسبن اور استنبول سے پورٹو منتقل کردیا گیا تھا۔
اس سے قبل اسٹیڈے ڈے فرانس دو مرتبہ چیمپیئن لیگ فائنل کی میزبانی کر چکا ہے جہاں پہلی مرتبہ 2000 میں ریال میڈرڈ نے ویلنشیا کو شکست دی تھی جبکہ 2006 میں بارسلونا نے آرسینل کو مات دی تھی۔
پیرس کے اسٹیڈیم میں 80ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جو 1998 میں فیفا ورلڈ کپ فائنل اور یورو 2016 فائنل کی میزبانی بھی کر چکا ہے۔