• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارتی اداکارہ نے مذہب کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی

شائع February 22, 2022
مہہ جبیں کے مطابق اب وہ ہمیشہ حجاب کرتی رہیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
مہہ جبیں کے مطابق اب وہ ہمیشہ حجاب کرتی رہیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں شرکت کرنے والی ماڈل و اداکارہ مہہ جبیں صدیقی نے مذہب اسلام کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

بھارتی شوبز ویب سائٹ ’زوم انٹرٹینمنٹ‘ کے مطابق مہہ جبیں صدیقی نے 19 فروری کو مذہب اسلام کی خاطر شوبز سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ باقی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گزاریں گی اور انہوں نے اپنے ماضی کے گناہوں پر خدا سے معافی بھی مانگی۔

مہہ جبیں صدیقی کی جانب سے 19 فروری کو انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا گیا کہ وہ سابق بگ باس کانٹیسٹنر اور اداکارہ ثنا خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اب ہمیشہ ہی حجاب کریں گی۔

انہوں نے لکھا کہ وہ گزشتہ دو سال سے ثنا خان کے فالو کر رہی ہیں اور انہیں اب سمجھ آگئی کہ وہ باقی زندگی حجاب میں گزاریں گی۔

انہوں نے پوسٹ میں اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ دو سال سے پریشان تھیں، انہیں یہ بات سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ انہیں سکون کیسے ملے گا؟

اداکارہ نے پوسٹ میں لکھا کہ انسان جب گناہ کرتا ہے تو اس کی لذت تو کچھ دیر میں ہی ختم ہوجاتی ہے مگر اس کا گناہ تا قیامت رہتا ہے ۔

مہہ جبیں صدیقی نے لکھا کہ انہوں نے گزشتہ دو سال کے دوران محسوس کیا کہ وہ اپنی اصل زندگی کو چھوڑ کر دکھاوے کی زندگی گزار رہی تھیں، جس میں بے سکونی تھی اور وہ پریشان رہتی تھیں۔

ماڈل و اداکارہ نے لکھا کہ دنیا میں چاہے لوگوں کو خووش کرنے کے لیے انہیں کتنا بھی وقت دیا جائے، مگر وہ کبھی بھی کسی دوسرے کی قدر نہیں کرتے۔

مذہب اسلام کی خاطر شوبز کو خیرباد کہنے والی اداکارہ نے لکھا کہ خدا کی نافرمانی کرکے کسی کو بھی سکون نہیں ملتا، اچھائی اسی میں ہے کہ سکون حاصل کرکے خدا کی عبادت کی جائے۔

مہہ جبیں صدیقی نے لکھا کہ انہیں خدا کی عبادت کرکے سکون ملا اور وہ انہیں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتیں، انہیں سب سے زیادہ سکون نماز پڑھنے میں ملا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ بھی اداکارہ ثنا خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمیشہ پردہ کریں گی اور ساتھ ہی انہوں نے خدا سے اپنے گناہوں کی معافی بھی مانگی۔

مہہ جبیں صدیقی نے شوبز سے کنارہ کشی کے اعلان سے قبل ہی انسٹاگرام سے اپنی تمام بولڈ تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کردی تھیں اور انہوں نے 2019 میں ہی حجاب کے ساتھ تصاویر لگانا شروع کی تھیں۔

مہہ جبیں صدیقی نے سال 2020 میں ہی انسانی خدمت کرنے کی غرض سے شوبز سے علیحدگی اختیار کی تھی مگر اب انہوں نے واضح طور پر مذہب اسلام کی خاطر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو خدا حافظ کہہ دیا۔

مہہ جبیں صدیقی ماضی میں بولڈ لباس کی وجہ سے خبروں میں رہتی تھیں، ان کی طرح دیگر متعدد بھارتی مسلمان اداکاراؤں نے بھی مذہب اسلام کی خاطر شوبز کو خیرباد کہا ہے۔

ان سے قبل ثنا خان اور زائرہ وسیم جیسی اداکاراؤں سمیت دیگر شخصیات نے بھی مذہب کی خاطر شوبز کو چھوڑا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024