’گہرائیاں‘ میں بولڈ مناظر پر والدین کو فخر ہوا، دپیکا پڈوکون
بولی وڈ کی ڈمپل گرل کہلائی جانے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون نے دعویٰ کیا ہے کہ حال ہی میں ان کی ریلیز ہونے والی بولڈ رومانوی فلم ’گہرائیاں‘ کو دیکھ کر ان کے والدین کو ان پر فخر ہوا۔
’گہرائیاں‘ کو گزشتہ ہفتے اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کیا گیا تھا، جس نے کورونا کی وبا کے بعد کامیابیوں کے نئے ریکارڈز بنائے۔
’گہرائیاں‘ میں دپیکا پڈوکون، اننیا پانڈے، سدھانت چترویدی اور دھیریا کاروا نے مرکزی کردارادا کیے ہیں۔
مذکورہ فلم کی کہانی دپیکا پڈوکون اور ان کی کزن اننیا پانڈے کی منگیتروں کے گرد گھومتی ہے۔
فلم میں دپیکا پڈوکون اپنے بوائے فرینڈ کو چھوڑ کر کزن اننیا پانڈے کے بوائے فرینڈ سدھانت چترویدی سے عشق کرنے لگتی ہیں اور فلم میں کئی بولڈ رومانوی مناظر شامل ہیں۔
بولڈ مناظر کی وجہ سے جہاں دپیکا پڈوکون پر تنقید کی جا رہی ہے، وہیں فلم کے ہدایت کار سمیت دیگر ٹیم کے لیے بھی نامناسب زبان استعمال کی جا رہی ہے۔
تاہم لوگوں کے بر عکس دپیکا پڈوکون کے والدین نے بیٹی کے بولڈ اور رومانوی مناظر دیکھ کر ان کی تعریفیں کی ہیں۔
دپیکا پڈوکون نے انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ان کے والدین نے فلم دیکھنے کے بعد ان کی اداکاری کی تعریف کی اور ان پر فخر کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ والدین نے ان کی اداکاری اور بولڈ مناظر دیکھنے کے بعد ان پر اعتراض کرنے کے بجائے ان کی تعریفیں کیں۔
اس سے قبل انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر رنویر سنگھ نے بھی فلم میں ان کے بولڈ مناظر دیکھ کر ان کی تعریفیں کیں اور انہیں خوشی بھی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ’گہرائیاں‘ میں میرے بولڈ سین دیکھ کر شوہر خوش ہوئے، دپیکا پڈوکون
دپیکا پڈوکون نے کہا تھا کہ انہیں بولڈ فلموں میں کام کرنے کے لیے شوہر سے اجازت کی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب اننیا پانڈے نے بھی کہا کہ اگرچہ فلم میں بولڈ مناظر ہیں، تاہم ان کے رشتے داروں اور دوستوں نے ان کی اداکاری اور فلم کی تعریفیں کی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اننیا پانڈے نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ’گہرائیاں‘ میں کام کرنے کے بعد وہ اپنی ذات میں مثبت تبدیلیاں بھی محسوس کر رہی ہیں۔
ادھر فلم کے ہدایت کار شکن بترا نے کہا ہے کہ فلم کی ریلیز کے بعد انہیں نامناسب ای میلز اور سوشل میڈیا پیغامات بھجوائے جا رہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق شکن بترا نے بتایا کہ انہیں ناقدین نے ای میل کرکے لکھا ہے کہ اگر انہیں فلمیں بنانی نہیں آتی تو کیوں ایسا کام کرتے ہیں اور ساتھ ہی ان کے لیے نامناسب زبان بھی استعمال کی گئی۔
ان سے قبل گزشتہ ہفتے فلم کے ہیرو سدھانت چترویدی نے کہا تھا کہ ’گہرائیاں‘ کو 11 فروری کو پیش کیے جانے کے بعد ان کے چچا نے گاؤں سے فون کرکے یہ پوچھا تھا کہ کیا واقعی انہوں نے فلم میں دپیکا پڈوکون کو بوسہ دیا تھا؟
سدھانت چترویدی کے مطابق ان کے چچا نے ٹریلر آنے کے بعد پہلے ان(چترویدی) کے والد کو فون کرکے پوچھا مگر پھر فلم دیکھنے کے بعد انہوں نے دوبارہ فون کرکے معلوم کیا کہ فلم میں واقعی بوسہ دیا گیا تھا یا درمیان شیشہ وغیرہ رکھا گیا تھا؟