• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

اشنا شاہ کا ڈراموں میں کزن میرج نہ دکھانے کا مطالبہ

شائع February 22, 2022
اداکارہ نے ڈراما سازوں سے کزن میرج پر ڈرامے نہ بنانے کا مطالبہ کیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے ڈراما سازوں سے کزن میرج پر ڈرامے نہ بنانے کا مطالبہ کیا—فوٹو: انسٹاگرام

ایک ہی خاندان میں شادیاں ہونے کے باعث ملک میں موروثی بیماریوں کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اداکارہ اشنا شاہ نے ڈراما سازوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسکرین پر کزن میرج کو نہ دکھائیں۔

اشنا شاہ نے حال ہی میں اپنی ٹوئٹ میں اداکاروں اور ڈراما سازوں سے مطالبہ کیا کہ وہ کزن میرجز کو ڈراموں میں رومانوی انداز میں دکھانا بند کریں اور ایسی کہانیوں کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔

اداکارہ نے کزنز کے درمیان شادیوں سے موروثی بیماریاں پھیل رہی ہیں، نہ صرف آنے والی نسلوں میں متعدد بیماریاں منتقل ہو رہی ہیں بلکہ اس سے شرح پیدائش بھی کم ہو رہی ہے۔

اشنا شاہ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ کزنز کے درمیان شادیاں کرنے سے تھیلیسمیا اور بولنے اور سننے کی صلاحیت متاثر ہونے جیسی بیماریوں سمیت دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا کزن میرج مستقبل کی اولاد کے لیے خطرناک ہوتی ہے؟

انہوں نے ڈراما سازوں، تخلیقی مواد تیار کرنے والے افراد سے مطالبہ کیا کہ وہ کزن میرجز کو نہ دکھائیں جب کہ انہوں نے عام عوام سے بھی اس معاملے پر سنجیدگی سے سوچنے کا مطالبہ کیا۔

اشنا شاہ نے اپنی ٹوئٹ میں بی بی سی اردو کی ایک خبر کا لنک بھی شیئر کیا، جس میں کزن میرجز کی وجہ سے ملک میں پھیلنے والی خطرناک بیماریوں سے متعلق بتایا گیا تھا۔

بی بی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان 75 فیصد تک شادیاں خاندان میں کی جاتی ہیں، جن میں سے 80 فیصد شادیاں فرسٹ کزنز کے درمیان ہوتی ہیں۔

رپورٹ میں ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ جن جوڑوں میں دونوں افراد کی ایک ایک جینز میں نقص ہو تو ان کے پیدا ہونے والے بچوں میں ان کا مرض منتقل ہوجاتا ہے، جس سے بعض اوقات سنگین بیماریاں بھی پھیل جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں: اشنا شاہ ’ہیرا منڈی‘ پر سیریز بنائے جانے پر سنجے لیلیٰ بھنسالی سے نالاں

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایک کروڑ کے قریب افراد تھیلیسمیا مائنر کے شکار ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ اگر ان کی کسی اپنے جیسے مرض میں مبتلا شخص کے ساتھ شادی ہوگئی تو ان کا بچہ تھیلیسیمیا کا مریض ہوگا۔

اداکارہ نے مذکورہ رپورٹ کو بنیاد بناتے ہوئے ڈراما سازوں اور مواد تخلیق کاروں سمیت اداکاروں سے کزن میرجز کو ڈراموں میں نہ دکھانے کا مطالبہ کیا۔

پاکستانی ڈراموں میں کزنز کے درمیان رومانس دکھانے سمیت ان کے درمیان شادیاں بھی دکھائی جاتی رہی ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024