• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ذہنی ہم آہنگی اور جسمانی کشش دیکھ کر شادی کا فیصلہ کرنا چاہیے، یاسرہ رضوی

شائع February 21, 2022 اپ ڈیٹ February 22, 2022
لوگ کہتے ہیں شوہر مجھے چھوڑ کر بھاگ جائے گا، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
لوگ کہتے ہیں شوہر مجھے چھوڑ کر بھاگ جائے گا، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ یاسرہ رضوی نے کہا ہے کہ جب بھی کوئی شخص شادی کرنے کا سوچے تو وہ پہلے اپنے ہونے والے شریک حیات کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی اور جسمانی کشش سے متعلق سوچے۔

یاسرہ رضوی نے ’فوچیا میگزین‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے خود سے 10 سال کم عمر شخص سے شادی کے معاملے پر کھل کر بات کرنے سمیت لوگوں کو بھی شادی کے حوالے سے تجاویز دیں۔

یاسرہ رضوی نے بتایا کہ ان کی شادی کو 5 سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور اب وہ 40 سال کی ہونے لگی ہیں مگر ابھی تک ان کی شادی چل رہی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی شادی کے فوری بعد لوگوں نے کہنا شروع کیا تھا کہ ان کا شوہر کم عمر ہے اور وہ اہلیہ کے بوڑھے ہونے پر ان سے بھاگ جائے گا۔

یاسرہ رضوی اور عبدالہادی نے دسمبر 2016 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
یاسرہ رضوی اور عبدالہادی نے دسمبر 2016 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

ان کے مطابق جب وہ چالیس سال کی عمر میں بچے کی ماں بن سکتی ہیں اور ان کی شادی کامیاب ہو سکتی ہے تو باقی لوگوں کی کیوں نہیں ہوسکتی؟

یاسرہ رضوی کے مطابق ہمارے سماج میں شادی سے متعلق لوگوں کے الگ اور غلط پیمانے ہیں، لوگ شادی سے قبل ایسی چیزوں کے مطالبات کرتے ہیں جو کہ دراصل کسی انسان کے ہاتھ میں ہوتے ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے خود سے کم عمر لڑکے سے شادی کی، تب ان کا شوہر ایم بی اے کر رہا تھا اور ہر کسی نے انہیں کہا کہ وہ کیا کمائے گا؟ اور ان کے اخراجات کیسے برداشت کرے گا مگر اب ان کے تمام اخراجات ان کے شوہر اٹھاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یاسرہ رضوی کی شادی: حق مہر اور عمر کے فرق پر تنقید

یاسرہ رضوی کے مطابق رزق اور روزی دینا شوہر یا کسی اور کا کام نہیں، یہ معاملات خدا کے ہیں اور وہ ہی ان چیزوں کا ذمہ دار ہے، اس لیے لوگوں کو ایسے مطالبے اور سوچ رکھنی ہی نہیں چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ آج کل شادی کے لیے لڑکے والے گوری چٹی، تعلیم یافتہ، نوجوان اور خوبصورت لڑکی کے مطالبے کرتے ہیں جب کہ لڑکی والے بہت سارے پیسے کمانے والے لڑکے کا مطالبہ کرتے ہیں جو کہ درحقیقت غلط ہے۔

ان کے مطابق شادی کے وقت ان کی یہ ترجیحات تھی ہی نہیں کہ شوہر کو دولت مند ہونا چاہیے، بس انہوں نے ذہنی ہم آہنگی کا سوچا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شادی کے وقت ان کے شوہر کوئی ملازمت نہیں کرتے تھے، اس لیے انہوں نے حق مہر میں ان سے دو رکعت فجر کی نماز پڑھنے کا مطالبہ کیا تھا، کیوں کہ فجر کی نماز رزق کی ضمانت ہوتی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ بچپن سے وہ نماز پڑھنے کی کوشش کرتی آئی ہیں اور ان کی جستجو رہتی ہے کہ ان سے فجر کی نماز نہ چھوٹے، کیوں کہ اس وقت خدا رزق تقسیم کر رہے ہوتے ہیں۔

خود سے کم عمر لڑکے سے شادی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ دراصل ان کے شوہر ڈراما پروڈیوسر عبدالہادی ان کی دوست اور اداکارہ جانان کے بھائی ہیں۔

مزید پڑھیں: خود سے 10 سال کم عمر لڑکے سے شادی کی تو لوگ حیران رہ گئے، یاسرہ رضوی

انہوں نے بتایا کہ جس وقت انہوں نے شادی کی تھی، اس وقت ان کے شوہر لاہور سے تعلیم کے لیے کراچی آئے تھے اور ایک طرح سے وہ اپنے شوہر کی استانی تھیں۔

یاسرہ رضوی کے مطابق چند سال تک ایک ساتھ رہنے کے بعد انہوں نے اچانک ایک دن عبدالہادی سے پوچھا کہ وہ ان سے شادی کریں گے؟ جس پر انہوں نے ہاں کی اور آدھے گھنٹے میں دونوں نے گھر والوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرنے کے بعد اسی مہینے خاموشی سے شادی کی۔

اداکارہ کے مطابق ان کے اور ان کے شوہر کے درمیان زبردست ذہنی ہم آہنگی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق ان کے اور ان کے شوہر کے درمیان زبردست ذہنی ہم آہنگی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

یاسرہ رضوی کا کہنا تھا کہ کم عمر لڑکے سے شادی کرنے کے بعد ان پر تنقید کی گئی، انہیں طعنے دیے گئے اور انہیں شوہر کی ماں تک کہا گیا۔

اداکارہ کے مطابق لوگ انہیں کہتے رہتے ہیں کہ ان کا شوہر انہیں بڑھاپے میں چھوڑ کر بھاگ جائے گا، کیوں کہ وہ اس وقت بھی جوان ہوگا۔

یاسرہ رضوی نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی بوڑھی ہی ہے اور اگر ان کے شوہر انہیں چھوڑ کر بھاگ گئے تو وہ بھی کسی اور کو تلاش کرلیں گی۔

خیال رہے کہ یاسرہ رضوی نے دسمبر 2016 میں خود سے 10 سال کم عمر عبدالہادی سے خاموشی سے شادی کی تھی، ان کے ہاں مئی 2021 میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024