• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا ساتواں گانا ’پیچھے ہٹ‘ ریلیز

شائع February 21, 2022
گانے  پر لوگ منقسم دکھائی دیے—اسکرین شاٹ
گانے پر لوگ منقسم دکھائی دیے—اسکرین شاٹ

گزشتہ ماہ جنوری میں شروع ہونے والے ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے ساتویں گانے ’پیچھے ہٹ‘ کو ریلیز کردیا گیا۔

’پیچھے ہٹ‘ کو نوجوان گلوکار حسن رحیم اور جسٹن بیبیز نے منفرد انداز میں گایا ہے اور گانے کی ریلیز پر شائقین منقسم بھی دکھائی دیے۔

گانے کی شاعری حسن رحیم نے ہی لکھی ہے جب کہ اسے ذوالفقار علی جبار المعروف زلفی اور طلال قریشی نے پروڈیوس کیا ہے۔

گانے کی دھن بھی طلال قریشی اور زلفی نے ترتیب دی ہے جب کہ اس کے بعض بول بھی طلال قریشی نے لکھے ہیں۔

’پیچھے ہٹ‘ میں حسن رحیم کے ساتھ مقدر تابیدار اور ثانیہ سہیل نے آواز کا جادو جگایا ہے۔

گانے کو 19 فروری کی شب جاری کیا گیا تھا، جس پر شائقین منقسم دکھائی دیے، بعض لوگوں نے گانے کی تعریفیں کیں تو بعض نے اسے ناپسند بھی کیا۔

’پیچھے ہٹ‘ سے قبل کوک اسٹوڈیو کے چھٹے گانے ’یہ دنیا‘ کو 12 فروری کو جاری کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا چھٹا گانا ’یہ دنیا‘ ریلیز

’یہ دنیا‘ کو میوزک بینڈ ’قراقرم‘ کے شیری خٹک نے طلحہٰ انجم اور فارس شفی کے ساتھ گایا تھا۔

اس سے قبل علی سیٹھی اور شائے گل کے گانے ’پسوڑی‘ کو سات فروری کو جاری کیا گیا تھا، ’پسوڑی‘ کوک اسٹوڈیو کا سب سے زیادہ تیزی سے 10 لاکھ بار دیکھا جانے والا گانا بھی بنا تھا۔

اس سے قبل رواں ماہ یکم فروری کو پنجابی زبان کا گانا ’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے ’دی سوچ بینڈ‘ اور ’بٹ برادرز‘ نے گایا تھا۔

اس سے قبل گریمی ایوارڈ نامزد یافتہ امریکی پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کی آواز میں ’محرم‘ کو 28 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔ عروج آفتاب کے گانے سے قبل 23 جنوری کو عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا گانا ’سجن ڈس نہ‘ بھی پنجابی زبان میں ریلیز کیا گیا تھا۔

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا دوسرا گانا ’کنا یاری‘ گزشتہ ماہ 19 جنوری کو ایوا بی، کیفی خلیل اور عبدالوہاب بگٹی کی آواز میں جاری کیا گیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو کا آغاز 14 جنوری سے عابدہ پروین اور نصیبو لال کے گانے ’تو جھوم‘ سے ہوا تھا، جسے شائقین نے خوب سراہا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024