• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم پی سی بی ہال آف فیم میں شامل

شائع February 20, 2022
ویسٹ انڈین بیٹنگ لیجنڈ سر ویوین رچرڈز نے وسیم اکرم کو یادگاری کیپ اور شیلڈ پیش کی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
ویسٹ انڈین بیٹنگ لیجنڈ سر ویوین رچرڈز نے وسیم اکرم کو یادگاری کیپ اور شیلڈ پیش کی— فوٹو بشکریہ پی سی بی

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہال آف فیم میں باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا۔

لاہور میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ کے آغاز سے قبل ویسٹ انڈین بیٹنگ لیجنڈ سر ویوین رچرڈز نے وسیم اکرم کو یادگاری کیپ اور شیلڈ پیش کی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وسیم اکرم نے 1984 سے 2003 تک اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 916 وکٹیں حاصل کیں اور 6ہزار 615 رنز بنائے۔

وسیم اکرم پی سی بی کے ہال آف فیم میں شامل ہون ےوالے آٹھویں کرکٹر ہیں، ان سے قبل عبدالقادر، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وقار یونس اور ظہیر عباس بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے ہال آف فیم میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ میں سر ویوین رچرڈز ہاتھوں سے یہ اعزاز وصول کرنے پر فخر محسوس کرتا ہوں اور مجھے یہ ایوارڈ ایک ایسے مقام پر دیا گیا ہے جو کیریئر کے دوران میرا ہوم گراؤنڈ رہا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ 18 سال سے زائد عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے جہاں اس دوران میں نے 460 انٹرنیشنل میچز کھیلے، ان میچوں میں لی گئی ہر وکٹ اور بنایا گیا ہر رن انمول تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو میری سب سے بڑی طاقت رہے ہیں، ان کا تعاون بے مثال رہا ہے، میں اپنے خاندان اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو اس ناقابل یقین سفر کے دوران میرے ساتھ کھڑے رہے۔

دریں اثنا، ویوین رچرڈز نے کہا کہ وہ بہت خوشی محسوس کررہے ہیں کہ انہیں وسیم اکرم کو پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم سے میری پہلی ملاقات 1985 میں آسٹریلیا میں ہوئی تھی اور اپنے کیریئر کے اختتام پر میں خوش تھا کہ میں ان کا زیادہ سامنا نہیں کروں گا، مجھے اپنے جونیئر پارٹنر سے یہ کہنا واضح طور پر یاد ہے کہ وسیم آنے والی نسل کے لیے ایک خطرناک باؤلر ثابت ہو گا اور اس نے مجھے درست ثابت کیا،‘‘ انہوں نے کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وسیم اکرم ایک شاندار کرکٹر اور اس کھیل کے عظیم سفیر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024